کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے سینیٹ کا غیر معمولی اجلاس، قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کی توسیع کی قرار داد اکثریتی رائے سے نامنظور ، سینیٹ نے موجودہ قائم مقام وائس چانسلر کی مدت ختم ہونے کے بعد پروفیسر ڈاکٹر سروش ہشمت لودھی کو قائم مقام وائس چانسلر مقرر کر دیا۔
ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کے دورانیہ میں توسیع کے لئے ان کی کارکردگی تسلی بخش ہونے کی شرط عائد کی گئی تھی۔ توسیع کی قرارداد پیش ہونے کی صورت میں ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت اکثریتی اراکین سینیٹ نے ان کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر محمد ضیاء الدین نے مستقل وائس چانسلر کے لئے سرچ کمیٹی کے قیام میں تاخیر کی، سینڈیکیٹ کا اجلاس تاخیر سے طلب کی گیا، مالی معاملات شفاف نہیں، اسلام آباد کیمپس کے ملازمین کو تنخواہیں اور ہاؤس سیلنگ 25 نومبر کو ادا کردی گئیں جبکہ عبدالحق کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس کے اساتذہ اور ملازمیں کو تاحال مکمل تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں۔
قائم مقام انتظامیہ نے اساتذہ کے سلیکشن بورڈ کا مکمل ڈیٹا ہائیر ایجوکیشن کمیشن کو ارسال نہیں کیا۔ قائم مقام وائس چانسلر نے بھاری ادائیگیوں کی منظوری سینیٹ سے حاصل نہیں کی، بڑی تعداد میں غیر ضروری تبادلے کئے۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد ضیاء الدین کی مدت فروری میں مکمل ہو رہی ہے۔