کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں دکان میں گیس کے دھماکے کے نتیجے میں جامعہ کراچی کے 2 ملازمین زخمی ہو گئے جب کہ مختلف املاک کو نقصان پہنچا ہے ۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق دھماکا گلشنِ اقبال بلاک 7 میں مسکن چورنگی کے قریب واقع فاسٹ فوڈ کی دکان میں گیس جمع ہونے کے باعث ہوا ۔ دھماکے سے جامعہ کراچی کے 2 ملازمین زخمی ہو گئے جن میں سے 1 کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جب کہ دوسرے کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے ۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان علی بہادر کے مطابق مسکن چورنگی پر فاسٹ فوڈ کی دکان میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا ہے، دھماکے کے وقت دکان بند تھی اور اس میں مزید سلنڈرز موجود تھے ۔ انہوں نے بتایا ہے کہ دھماکے سے دکان کی عقبی دیوار گر گئی جس سے 2 راہ گیر زخمی ہوئے اور متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
ایس ایس پی ایسٹ عرفان بہادر کے مطابق ایک زخمی کی شناخت عدنان احمد برقی اور دوسرے کی شناخت وقاص حامد کے نام سے ہوئی ہے ، دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
ادھر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن جامعہ کراچی کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی پرزور مذمت کرتی ہے اور زخمیوں کے لئے دعائے صحت کی اپیل بھی کرتی ہے ۔
واضح رہے کہ زخمی ہونے والے وقاص حامد کا تعلق شعبہ نفسیات سے ہے جب کہ عدنان احمد برقی کا تعلق شعبہ اکاؤنٹس سے ہے ۔