کراچی : پاکستانی عوام کے دل ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں جبکہ کشمیر ی عوام نے اپنی آزادی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کیا آج مقبوضہ کشمیر کی ہر گلی میں کسی نہ کسی شہید کا گھر موجود ہے جو اس کا پتہ دیتا ہے کہ ایک دن کشمیری عوام کو آزادی مل کر رہے گی ۔
ان خیالات کا اظہار مقبوضہ کشمیر کے رہنما عبد الحفیظ بٹ، محمد عبداللہ ایڈوکیٹ، افضل بٹ اور دیگر مقررین نے سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تحت صوبائی اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر ز پر محمد صدیق میمن اسکاؤٹس آڈیٹوریم میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ تبدیل کرنا چاہتا ہے اور اس کیلئے وہ وہاں کے مقامی لوگوں کو نکال کر بھارت کےمختلف علاقوں سے لوگوں کو لاکر آباد کررہا ہے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کیلئے امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ محمد عبد اللہ ایڈوکیٹ نے کہا کہ آج سے 75سال قبل 27اکتوبر 1947ء کو بھارت نے کشمیر کے حسن کو پامال اور اس پر قبضہ کرنےکیلئے اپنی افواج کو کشمیر میں اتارا جس نے آج تک کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھائے ہوئے ہیں ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ماؤں ، بہنوں ، نوجوانوں اور بچوں نے ہر ممکن طریقے سے کشمیر ی عوام کی مدد کی ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں مسئلہ کشمیر کی پالیسی از سر نو تشکیل دینا ہوگی ۔اس موقع پر صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام، حکومت پاکستان اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کا دن یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔
27 اکتوبر 1947ء کو بھارت نے اپنی فوجیں کشمیر میں اتارکر غیر قانونی قبضہ کرلیا جو تا حال قائم ہےاور اس دن کے بعد سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ایسا دور شروع ہوا کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی انسانی حقوق سے ہی یکسر محروم کر دیا گیا۔
تقریب میں نائب صوبائی سیکریٹری فرقان احمد یوسفی ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ڈی ایم سی ساؤتھ اسماء ایاز،ریسکیو کمشنر محمد طاہر شیخ، یوتھ کمشنر عبد الحئی خان ، پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے صدر انور علی بھٹی ، سینئر اسکاؤٹ لیڈر سید خورشید حسین جعفری ، کشمیری رہنما افضل بٹ، اسکاؤٹ لیڈر عالم صائم ، محمد صادق جعفری ، قاسم سولنکی ، گرل اسکاؤٹس لیڈر شاہدہ جبین ، شازیہ نسرین، گرلز اور بوائے اسکاؤٹس کی بڑی تعدادی موجود تھی ۔
تقریب میں سپاہی اسکاؤٹس کیڈٹ اسکول کے بچوں نے کشمیر کے حوالے سے پر اثر ٹیبلو پیش کئے جبکہ جامعہ العربیہ اسلامیہ مدارس کے طلبا نے کشمیر کے موضوع پر تقریر پیش کی ۔ تقریب میں کشمیری عوام کی نمائندگی ڈائریکٹر اسکولز ایجوکیشن ڈی ایم سی ساؤتھ اسماءایاز ،عبد الحفیظ بٹ، خواجہ محمد عبداللہ ایڈوکیٹ اور افضل بٹ نے کی ۔ بعد ازاں کشمیر ی عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی ۔

