کراچی : این ای ڈی، انجینئرنگ کی دنیا کا مانا ہوانام ہے،طالب علم کی کامیابی، اُستاد و والدین کی کامیابی ہے،ٹیکنالوجی کے میدان میں ہمارے ادارے اور طالب علم کسی سے پیچھے نہیں، مواقعے دینے کی ضرورت ہے، یومِ تقسیم اسناد، والدین و اساتذہ کی محنت کے نتیجے کا دن ہوتا ہے، ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ جنہوں نے جامعہ کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا ۔
ان خیالات کا اظہار چانسلرجامعات/ گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر، قونصل جزل ڈاکٹر جوم کنکورے، شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل اور رجسٹرار سید غضنفر حسین نے جامعہ این ای ڈی کے تحت بتیسویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد 2023 میں کیا۔
ترجمان جامعہ این ای ڈی فروا حسن کے مطابق گورنر سندھ/ چانسلر جامعات کامران خان ٹیسوری کا کہنا تھا کہ این ای ڈی، انجینئرنگ کی دنیا کا مانا ہوا نام ہے۔ جامعہ این ای ڈی اور اس کا تھر کیمپس بہترین کام کر رہے ہیں۔ آج تھر انسٹی ٹیوٹ کا پہلا کمپیوٹر سائنس کا بیج ڈگری حاصل کر رہا ہے جس سے تھر میں تعلیم و ٹیکنالوجی کا فروغ ممکن ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ جامعہ، ملک کی عظیم جامعات میں سے ایک ہے جو کہ تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔ مزید کہا کہ شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جن کی سربراہی میں جامعہ ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور ملک کا نام روشن کر رہی ہے۔
اعزازی مہمان کی حیثیت سے نگران وزیر اعلی سندھ جسٹس(ر) مقبول باقر کا کہنا تھا کہ طالب علم کی کامیابی، ادارے،اُستاداور والدین کی کامیابی ہے۔ انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے۔ این ای ڈی یونی ورسٹی 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے تو آپ پر فرض ہے کہ آپ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ کی بہتری کے لیے کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کومحدود نہ کریں بلکہ مختلف آپشنز خود پر کھلے رکھیے تاکہ کامیابی آپ کے قدم چومے اور آپ دنیا کے ہم قدم چلیں۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جزل انڈونیشیا ڈاکٹر جون کنکوروکا کہنا تھا کہ یومِ تقسیمِ اسناد دراصل والدین اور اساتذہ کی محنت کے نتیجے کا دن ہے۔جب کہ انہوں نے بھی جامعہ کی قیادت کو سراہا جن کی بدولت آج کا بڑادن طالب علم کی زندگی میں آیا۔ اعزازی مہمان نے زور دیا کہ نوجوانوں کو سمجھنا ہوگا کہ آپ ملک و قوم کا مستقبل ہیں،آپ کو یہیں رہ کر بہتری کی راہیں کھولنی ہیں۔
استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھا کہ میں یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ اس برس17 پی ایچ ڈی اسکالرز فہمیدہ بانو، حراقریشی، ثنا عالم، محمد صمد خان، سید توقیر احمد ہاشمی، فاطمہ خالد، سید عاصم علی ترمذی، شہروز طاہر، سید عون علی رضوی، سید محمد اسد اختر نقوی، ذیشان عظمت، علی ذوالقرنین، نعمان پیرزادہ، ساجد حسین، دانش الرحمان خان، وکیل شاہ اور ساجدہ شیخ کو ڈاکٹریٹ آف فلاسفی کی ڈگریاں تفویض کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ این ای ڈی کے پی ایچ ڈی اسکالرز ادارے کا فخر ہیں۔انہوں نے تھر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے پہلے پاس آؤٹ گریجویٹس کو بھی مبارک باد دی۔
شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ2227 بیچلرز اور 993 ماسٹرز کے طالب علموں سمیت 30 گولڈ میڈلسٹ این ای ڈی سے کامیاب ہو کر عملی میدان میں قدم رکھنے جا رہے ہیں، روحانی والد کی حیثیت سے میں سب کی کامرانی کا خواہاں ہوں۔