کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول (فریش) کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل کامرس اور آرٹس گروپس کے ایسے پرائیویٹ امیدواروں کیلئے بروز بدھ یکم نومبر 2023ء سے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے جنہوں نے میٹرک کے امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے اور پہلے ہی انٹربور ڈ کراچی میں رجسٹریشن فارم جمع کروا چکے ہیں۔
بورڈ کے جاری کردہ پروگرام کے مطابق ایسے تمام پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم گریڈ 17 یا زیادہ کے گزیٹڈ افسر سے تصدیق کے بعد بروز بدھ یکم نومبر 2023ء سے بروز پیر 22 جنوری 2024ء تک انٹر بورڈ کراچی کی لائبریری میں قائم یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (UBL)کے بوتھ میں جمع کروا سکتے ہیں۔
طلبہ انٹربورڈ کراچی کی دی گئی سہولت سے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے امتحانی فارم کی فیس یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں جمع کروا سکتے، طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس واپس نہیں کی جائے گی۔
جو پرائیویٹ امیدوار مقررہ تاریخوں میں امتحانی فارمز جمع نہیں کروا سکیں وہ پانچ سو روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 23جنوری سے بروز پیر 18مارچ 2024ء تک جبکہ ایک ہزار روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 19مارچ سے بروز جمعہ 29 مارچ 2024ء تک اپنے امتحانی فارمز جمع کرواسکتے ہیں۔ طلبہ امتحانی فارم او ر فیس واؤچر بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔