منگل, اکتوبر 22, 2024
صفحہ اولتازہ ترینجامعہ کراچی: شعبہ ابلاغ عامہ کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس

جامعہ کراچی: شعبہ ابلاغ عامہ کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس

کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلرپر وفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ پروفیسر شاہدہ قاضی ایک جرات مند اور بے باک خاتون صحافی تھیں،ان کا مشن پیشہ ورانہ عملی صحافت کو فروغ دینا تھا۔ شاہدہ قاضی پاکستانی خواتین کو شعبہ صحافت کی طرف راغب کرنے والی پہلی خاتون اور مشعل راہ ہیں ۔

 

انہوں نے اپنے نظریات پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا،وہ ایک شریف النفس انسان اور شفیق استادتھیں، انہوں نے اپنے شاگردوں کے ذہنوں میں جو افکارمرتسم کئے ہیں وہ تاحیات ان کی رہنمائی کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز شعبہ ابلاغ عامہ جامعہ کراچی کے زیر اہتمام کلیہ علم الادویہ جامعہ کراچی کی سماعت گاہ میں پروفیسرشاہدہ قاضی کی یاد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 

ریفرنس سے رئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شائستہ تبسم،شعبہ ابلاغ عامہ کی صدر ڈاکٹر عصمت آراء،سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر رفیعہ تاج اور پروفیسر شاہدہ قاضی کے صاحبزادے نہیان، مرحومہ کی ہمشیرہ ڈاکٹر یاسمین، پروفیسر ڈاکٹر شمس الدین، پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت، پروفیسر ڈاکٹر توصیف، پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ، رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر فیاض وید، ڈاکٹر عرفان عزیز، ڈاکٹر بدر، ڈاکٹر سعدیہ محمود، ڈاکٹر پیرزادہ، ثمینہ قریشی، ڈاکٹر فاطمہ سلیم اور دیگر اساتذہ نے بھی خطاب کیا ۔

 

اس موقع پر وزیٹنگ فیکلٹی عابد حسین نے ایصال ثواب کے لیے دعا کرائی۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر خالد عراقی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم دنیا سے جانے کے بعد لوگوں کو زندہ کرتے ہیں اور زندگی میں ان کی قدر نہ کر کے انہیں مار دیتے ہیں ۔ سابق اساتذہ کی خدمات سے فائدہ اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے،پروفیسر شاہدہ قاضی جامعہ کراچی کے لیے ہمیشہ زندہ رہیں گی، وہ معاملہ فہم صحافی تھیں ۔

 

قبل ازیں دیگر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پروفیسر شاہدہ قاضی ایک درویش صفت خاتون صحافی اور استاد تھیں، اپنے نظریے میں پختہ اور مضبوط اعصاب جیسی شخصیت کی مالک تھیں۔ بہترین انتظامی صلاحیت کی حامل ایک ایسی خاتون جنھوں نے اپنے شاگردوں کو حقیقی بچوں کی طرح نہ صرف پڑھایا بلکہ ان کی ”اماں ” بھی کہلائیں،وہ نسل در نسل محبت کا جو پیغام چھوڑ کر گئی ہیں ہمیں اس کی پاسداری کرنا ہوگی۔

 

شعبہ ابلاغ عامہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر عصمت آراء نے شعبے میں ٹی وی جرنلزم کی داغ بیل ڈالنے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شعبے کے الیکٹرانک میڈیا سیکشن کو میٍڈم شاہدہ قاضی سے موسوم کرنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ بہت جلد اس بارے میں حتمی اعلان کیا جائے گا۔دیگر اساتذہ کرام نے پروفیسر شاہدہ قاضی سے اپنے اپنے تعلق اور واقعات سے حاضرین کو آگاہ کیا ۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین