کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں اناٹومی میں پی ایچ ڈی متعارف کروانے کی منظوری ، اکیڈمک کونسل کے 𝟑𝟑ویں اجلاس میں چھ شعبہ جات کے لیے نئے بورڈ آف اسٹڈیز کی منظور دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے بیسک سائنسز کے شعبے میں تحقیق اور مہارت کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے اناٹومی میں پی ایچ ڈی کا نیا پروگرام شروع کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے۔ پروگرام کو ہائر ایجوکیشن کمیشن کی پالیسیوں کے مطابق شروع کیاجائے گا۔ اکیڈمک کونسل کا تینتیسواں اجلاس 4 نومبر 2023 کو منعقد ہوا ۔
اس اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی۔ میٹنگ کے دوران، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ اسٹڈیز پالیسی اور امتحانی پالیسی دونوں کو اکیڈمک کونسل سے متفقہ منظوری ملی۔ اجلاس میں اکیڈمک کونسل نے مختلف شعبوں کے کورسز میں تجویز کردہ تبدیلیوں کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں رہنمائی کے طور پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے فراہم کردہ گائیڈ لائن پر عمل درآمد کیا گیا۔ فارماکولوجی، بائیو کیمسٹری، فزیالوجی کے ساتھ ساتھ انسٹی ٹیوٹ آف فیملی میڈیسن، نرسنگ اور ڈی پی ٹی کے بورڈ آف اسٹڈیز (BoS) کی تشکیل نو کوبھی منظوری دی گئی ۔
فارماکولوجی کے بورڈ آف فیکلٹی (BOF) کی تشکیل کے ساتھ 32ویں اکیڈمک کونسل کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی ۔ ایم بی اے (ایگزیکٹیو) اور ایم بی اے ایچ ایچ سی ایم پروگراموں کی مدت 2.5 سال کرنے کی منظوری دی گئی ۔ کونسل نے پروفیسر ڈاکٹر ہما علی (پرنسپل آئی پی ایس، جے ایس ایم یو) اور ڈاکٹر سیدہ کوثر علی (چیئرمین آئی ایم ای، جے ایس ایم یو) کو ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ کے ممبران کے طور پر مزید تین سال کی توسیع کی منظوری دی ہے ۔
ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے نصابی سالوں میں اسلامک اسٹڈیز (یا غیر مسلموں کے لیے اخلاقیات)، پاک اسٹڈیز، ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن سکلز، مریض کی حفاظت، پیشہ ورانہ مہارت اور اخلاقیات جیسے مضامین کے شمول کی منظوری دی گئی ۔ میٹنگ کا اہتمام دفتر رجسٹرار، جے ایم ایس یو نے کیا تھا۔
اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، کلیہ جات کے ڈینز ، مختلف شعبہ جات کے سربراہان ، مختلف انتظامی محکموں کے سربراہان کے علاوہ ڈائریکٹر کیو ای سی ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی ، قائم مقام کنٹرولر ایگزامینیشن ڈاکٹر انیتا شاہ ، قائم مقام ڈائریکٹر ایچ آر ڈاکٹر راحت ناز ، ڈائریکٹر ریسرچ پرفیسر ہما شریف اور ڈائریکٹر اکیڈمکس ڈاکٹر سید معین علی و دیگر نے شرکت کی ۔