کراچی اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے الحاق شدہ سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس، کامرس، آرٹس، ہوم اکنامکس گروپس اور ڈپلومہ ان فزیکل ایجوکیشن و میڈیکل ٹیکنالوجی کے سالانہ امتحانات برائے 2024 ء میں شرکت کے خواہشمند اور اہل امیدواروں کیلئے انرولمنٹ فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
انٹربورڈ کے جاری کردہ لیٹر نمبر BIE/ENROLMENT/671/2023کے مطابق گورنمنٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء اپنے انرولمنٹ فارم بروز بدھ 15نومبر 2023ء سے بروز جمعہ 15 دسمبر 2023ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کروا سکتے ہیں جبکہ کالجوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ فارم بروز بدھ 20دسمبر 2023ء سے بروز جمعہ 22 دسمبر 2023ء تک انٹر بورڈ کے متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بورڈ آفس کے کمرہ نمبر 4 (اکاؤنٹس سیکشن) میں جمع کروادیں۔ی
یاد رہے کہ رواں سال وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت کے مطابق تمام گورنمنٹ کالجز اور ہائرسیکنڈری اسکولوں کے طلباء کی انرولمنٹ فیس معاف کردی گئی ہے، لہٰذا گورنمنٹ تعلیمی اداروں کے طلباء بغیر کسی فیس کے انرولمنٹ فارمز اپنے کالجوں اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں میں جمع کروا سکتے ہیں۔
انٹر بورڈ کے جاری کردہ لیٹر نمبر BIE/ENROLMENT/672/2023 کے مطابق پرائیویٹ کالجوں اور ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء اپنے انرولمنٹ فارم مبلغ 2100 روپے فیس کے ساتھ بروز بدھ 15نومبر سے بروز جمعہ 15 دسمبر 2023ء تک اپنے تعلیمی اداروں میں جمع کرواسکتے ہیں جبکہ تعلیمی ادارے انرولمنٹ فارم انٹربورڈ کے متعلقہ سیکشن سے تصدیق کے بعد بمع فیسوں کے پے آرڈرز بروز بدھ 20دسمبر اوربروز جمعرات 21 دسمبر 2023ء تک بورڈ آفس کے کمرہ نمبر 4(اکاؤنٹس سیکشن)میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے۔نامکمل انرولمنٹ فارمز قبول نہیں کیے جائیں گے ۔