کراچی : جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ موجودہ اور آنے والے دور میں اہداف کے حصول کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی پر عبورحاصل کرنا ناگزیر ہے۔جاب فیئر صنعتو ں اور جامعات کو جوڑنے میں پل کا کردار ادا کرتا ہے، جاب فیئر تعلقات عامہ کا بھی کام کرتی ہے، عصر حاضر میں طلبہ کے پاس زیادہ مواقع موجود ہیں۔
جاب فیئر کے ذریعے صنعتوں اور جامعات کے طلبہ دونوں کو ایک دوسرے کو جانچنے کا موقع ملتا ہے اور اس طرح صنعتیں اپنی ضروریات کے مطابق افرادی قوت جبکہ طلبہ ملازمت کے حصول میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس طرح کے جاب فیئرز کے ذریعے صنعتیں اپنی ضروریات کے مطابق لوگوں کا انتخاب جب کہ جامعات کے طلبہ کو ایک ہی پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف اداروں کے سامنے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے شعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی کے زیر اہتمام شعبہ ہذا کے سبزہ زارپر منعقدہ کیرئیرفیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ کیرئیرفیسٹ میں پچاس سے زائد کمپنیوں نے اپنے اسٹالزلگائے ہوئے تھے جو اساتذہ اور طلبہ کی توجہ کامرکز رہے۔
ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید کہا کہ کیرئیرفیئرمیں ہونے والے انٹرویوز کے ذریعے طلبہ کو انڈسٹریز کی ضروریات اور ان کی مطلوبہ معیار اور اہلیت سے آگاہی ملنے کے ساتھ انہیں خود کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کے مواقع ملتے ہیں۔
انہوں نے اس طرح کے کیریئر فیسٹ کے انعقاد کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئر مین اور ان کی ٹیم کو کامیاب کیرئیرفیسٹ کرانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر چیئر مین شعبہ کمپیوٹر سائنس جامعہ کراچی ڈاکٹر ندیم محمود نے شعبہ کمپیوٹرسائنس جامعہ کراچی میں پڑھائے جانے والے نصاب کے بارے میں شرکاء کو بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس زیر تعلیم طلبہ کی اکثریت کا تعلق غریب اور متوسط طبقہ سے ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ ہم انہیں عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہے ہیں کیونکہ موجودہ اورآنے والا دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ہے اوراس پر عبور حاصل کئے بغیر ترقی ممکن نہیں۔
ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین نے کہا کہ جامعہ کراچی میں اس ماہ کے آخر تک انٹر پرینیور لیب کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے جامعہ سے جڑے طلبہ استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ انہوں نے آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی اور بالخصوص کراچی یونیورسٹی بزنس انکیوبیشن سینٹر کے ذریعے مختلف صنعتوں سے ہونے والے اشتراک اور جامعہ کراچی کے طلبہ کی ایجادات واختراع کی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔
کیرئیرفیسٹ میں مختلف کمپنیوں کے پچاس سے زائد اسٹالزلگائے گئے تھے، مختلف کمپنیوں کے نمائندوں نے بھی تقریب سے اپنے خیالات کا اظہارکیا اور شرکاء کو انٹرپرینیورسے متعلق معلومات اورصنعتوں کی ضروریات سے متعلق اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔