کراچی : پاکستان میں پہلی بار علمائے کرام نے یونیورسٹی کا چارٹر حاصل کر لیا ہے ، دینی تعلیمی رحجان میں جدت کے قائل ادارے جامعۃ الرشید نے سندھ حکومت سے طویل جدو جہد کے بعد الغرالی یونیورسٹی کا چارٹر منظور کرا لیا ہے ، ابتدائی طور پر الغزالی یونیورسٹی کے بورڈز اور دفاتر جامعۃ الرشید سے منسلک ہی جگہ پر نصب و قائم کئے گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں پہلی بار علمائے کرام کی نگرانی میں ایک ایسی یونیورسٹی قائم کی گئی ہے جس کا چانسلر ، وائس چانسلر ، رجسٹرار ، ڈین اور چیئرمین ، چیئرپرسن سے لیکر اکثر اساتذہ پی ایچ ڈی علمائے کرام ہونگے ۔ ابتدائی طور پر الغزالی یونیورسٹی کا مرکزی کیمپس احسن آباد میں واقع جامعۃ الرشید کے ساتھ ملحقہ کیمپس میں قائم کیا گیا ہے تاہم اصل کیمپس کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس اور کلفٹن میں کیمپس کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے ۔
الغزالی یونیورسٹی کے قیام کے لئے جامعۃ الرشید کی انتظامیہ نے طویل جدو جہد کی ہے اور حکومت سندھ کی چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی نے الغزالی یونیورسٹی کے متعددبار سروے کئے ہیں اور جس کے بعد اپنی آرا دی ہیں اور اس کے مطابق الغزالی یونیورسٹی کی انتظامیہ نے اپنے پلاننگ کو درست کیا ہے جس کے بعد چارٹر انسپیکشن اینڈ ایویلیو ایشن کمیٹی نے اپنی حتمی رپورٹ سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن میں اپنی رپورٹ جمع کرائی تھی ۔
مزید پڑھیں : وفاقی جامعہ اردو کے قائم مقام وائس چانسلر بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھونے لگے
جس کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظوری و سفارشات کے بعد محکمہ قانون کی جانب سے بھی الغزالی یونیورسٹی کے مجوزہ ایکٹ کو منظور کرنے کی سفارش کر دی تھی جس کے بعد اس کو منظوری کے لئیے سندھ کابینہ میں بھیجا گیا تھا جس کے بعد الغزالی یونیورسٹی کے ایکٹ کی حتمی منظوری سندھ اسمبلی سے کرائی گئی ہے ۔
ابتدائی طور پر الغزالی یونیورسٹی میں چار کلیہ جات شروع کیئے جائیں گے جس کے بعد بتدریج اس کے کلیہ جات کو بڑھایا جایا جائے کیوں کہ یونیورسٹی کا چارٹر حاصل کرنے کے لئے چار کلیہ جات کا ہونا ضروری ہے ۔ الغزالی یونیورسٹی کی جانب سے سر دست فیکلٹی آف اسلامک اسٹڈیز ، فیکلٹی آف سوشل سائنسز، فیکلٹی آف ایجوکیشن اور فیکلٹی آف لا کو شروع کرنے کی منظوری لی گئی ہے ۔ ان فکلیٹیز میں بی بی اے، ایم بی اے، بی ایڈ، ایم ایڈ اور ایل ایل بی کے کورسز شروع کئے جائیں گے ۔
الغزالی یونیورسٹی کی منظوری کے لئے جمع کرائے گئی دستاویزات کے مطابق کل 18 پی ایچ ڈیز اسکالرز کو ظاہر کیا گیا ہے ۔ جب کہ لائبریری میں 4 ہزار سے زائد کتب اور شعبہ جاتی سطح پر سیمینار لائبریری اس کے علاوہ ہیں ۔ الغزالی یونیورسٹی میں جامعۃ الرشید کے سربراہ اور مفتی رشید احمد کے شاگرد خاص مولانا مفتی عبد الرحیم کو چانسلر بنایا گیا ہے اور ڈاکٹرذیشان کو وائس چانسلر اور احسن وقار کو رجسٹرار ظاہر کیا گیا ہے ۔