کراچی : ڈاؤ میڈیکل کے طلباء غزہ کے حق میں میدان میں آگئے ڈاؤ میڈیکل کالج کے طلباء نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کردیا مظلوم فلسطینیوں تک فوری طور پر دوائیں اور امداد پہنچائی جائے، طلباء
داؤ میڈیکل کالج کے طلبا نے یک زبان ہو کر غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعے کے روز ڈاؤ میڈیکل کالج کے فائنل ایئر کے طلبا کی قیادت میں کالج کے تمام کلاسز کے طلبہ و طالبات نے ڈی ایم سی کورٹ یارڈ میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
مظاہرے میں طلبہ و طالبات نے دواؤں اور عطیات جمع کرنے کا بھی مطالبہ کیا ، تاکہ یہ دوائیں اور عطیات مظلوم فلسطینیوں تک پہنچائی جا سکیں ۔ احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے فلسطین کے شہدا سے اظہار ہمدردی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی ۔ ڈاکٹر زرینہ ڈاکٹر ایشا، ڈاکٹر عائشہ اور ڈاکٹر عبداللہ خلجی نے مظاہرے کی قیادت کی ۔
اس موقع پر طلبا و طالبات نے سیز فائر ناؤ، لبیک یا غزہ، لبیک یا اقصیٰ، غزہ غزہ ڈونٹ یو کرائی فلسطین ول نیور ڈائی کے نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر زرینہ نے طلبا پر زور دیا کہ ایسی تمام اشیاء کا بائیکاٹ کریں جن کے ذریعے فلسطینی مسلمانوں پر بمباری کرنے والے اسرائیل کی معاشی سپورٹ ہوتی ہو ۔