جمعہ, اکتوبر 18, 2024
صفحہ اولتازہ ترینداؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی سادہ و پرقار تقریب

داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی سادہ و پرقار تقریب

کراچی :  نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں ، انہیں ترقی کی راہ دکھانا ہمارا کام ہے ،چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر نجیب ہارون , ملکی ترقی کیلئے قیادت نوجوانوں کو دینا ہوگی، انجینئر امیر ضمیر ، مزید سیکڑوں لیپ ٹاپ دیئے جائینگے، جاوید میمن

 

داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2023ء کے تحت طلبہ و طالبات میں 210 ؍ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی سادہ و پرقار تقریب کا انعقاد جمعہ کے روز جامعہ کے مرکزی سیمینار ہال میں کیا گیا۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین انجینئر محمد نجیب ہارون تقریب کے مہمان خصوصی تھے

 

جبکہ اعزازی مہمانوں میں وفاقی وزارت منصوبہ بندی اور خصوصی اقدامات کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ہیڈ آف پروجیکٹ ونگ انجینئر امیر ضمیر احمد خان اور وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جاوید میمن شامل تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (تمغہ امتیاز) ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، ڈینز ، تمام شعبوں کے چیئرپرسن ، فیکلٹی و انتظامی ارکان اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

 

تقریب میں داؤد یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں نمایاںکاکردگی دکھانے والے 50؍ طلبہ و طالبات کو معزز مہمان خصوصی اور اعزازی مہمانوں کے ذریعے لیپ ٹاپ دیئے گئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاوید میمن نے کہا کہ نوجوان طلباء کیلئے لیپ ٹاپ ان کا حق ہے یہ کوئی احسان نہیں ، امید ہے طلباء ان لیپ ٹاپ کے ذریعے تخلیقی سرگرمیوں کا حصہ بنیں گے ،ہم ایک لاکھ لیپ ٹاپ کا ہدف پورا کریں گے ، آئندہ چند روز میں مزید سیکڑوں لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے ۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ داؤد یونیورسٹی کی قیادت نوجوان وائس چانسلر کے ہاتھوں میں آگئی ہے اور ڈاکٹر ثمرین حسین کے اقدامات انتہائی موثر اور ٹھوس ہوتے ہیں ، ان کی قیادت میں داؤد یونیورسٹی کو مزید ترقی کرتا دیکھیں گے ۔ انجینئر امیر ضمیر احمد خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی دینا ہے تو اسے نوجوان قیادت کی ہاتھوں میں دینا پڑے گا، وزارت منصوبہ بندی نوجوانوں کیلئے ایسے منصوبے بنا رہی ہے جو ضروری ہیں تاکہ ترقی کی راہ ہموار کی جاسکے، انجینئرز قوم کے معمار ہیں اور ہمیں اس پر فخر ہونا چاہئے۔

 

بطور مہمان خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل انجینئر محمد نجیب ہارون نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان طالب علم صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی سے کم نہیں، نوجوان ہمارا سرمایہ ہیں ، انہیں ترقی کی راہ دکھانا ہمارا  کام ہے ، انہیں صرف صحیح  سمت میں رہنمائی کی ضرورت ہے، داؤد یونیورسٹی نے انجینئرنگ کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دیں ہیں ۔

 

وائس چانسلر داؤد یونیورسٹی انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو سہولتیں دینے والے تینوں ادارے پاکستان انجینئرنگ کونسل ، ہائر ایجوکیشن کمیشن ، وزارت منصوبہ بندی موجود ہیں ، داؤد یونیورسٹی کی کوشش ہے کہ وہ اپنے طلباء کو ہر طرح سے سہولیات دے ، داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی ہر شعبے میں تیزی سے ترقی کررہی ہے اور ہمیں دیگر سے مختلف اقدامات کرنا ہوں گے ہم ایسی چیزوں پر کام کریں گے جس کی ہماری قوم کو ضرورت ہوگی ۔ تقریب کے اختتام پر باقی ماندہ 160طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین