ہفتہ, جنوری 11, 2025
صفحہ اولتازہ ترینپاکستانی سائینسدان ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز کا فیلو منتخب

پاکستانی سائینسدان ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز کا فیلو منتخب

کراچی : دی ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز (ٹواس) نے پاکستان کے معروف سائینسدان اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر خالد ایم خان کو ورلڈ اکیڈمی آف سائینسز کے نئے فیلو کے طور پر منتخب کر لیا ہے ۔

 

بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق ٹواس نے پروفیسر خالد ایم خان کو گزشتہ ماہ اکتوبر میں منعقدہ انتخابات میں فیلو کے طور پر منتخب کیا ہے۔ آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین نے پروفیسر خالد ایم خان کی کامیابی کو سراہتے ہوئے اُن کو اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔

 

واضح رہے کہ پروفیسر خالد ایم خان ڈرگ ڈیزائن اور ڈسکوری میں متعدد طالبِ علموں کی رہنمائی کر رہے ہیں، ان کی نگرانی میں اب تک 75 اسکالر اپنا ایم فل اور پی ایچ ڈی مکمل کر چکے ہیں ۔ انھوں نے 800 سے زیادہ ریسرچ پیپر لکھے ہیں، ان کا سائٹیشن انڈیکس 23400 سے زیادہ ہے جبکہ ان کے18ملکی اور بین الاقوامی پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ انھیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز اور ستارہ امتیاز بھی عطا کیا جا چکا ہے ۔

 

پروفیسر خالد ایم خان پاکستان اکیڈمی آف سائینسزکے فیلو بھی ہیں اور اسی اکیڈمی آف سائینسز سے دو مرتبہ گولڈ میڈل بھی حاصل کر چکے ہیں ۔

 

دوسری جانب شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسر امریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی پروفیسر خالد ایم خان کو اُن کی اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین