ہفتہ, نومبر 16, 2024
صفحہ اولتازہ ترینگومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک میں سہ روزہ سپورٹس گالا اختتام پزیر...

گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک میں سہ روزہ سپورٹس گالا اختتام پزیر ہو گیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( ) گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک میں ہفتہ سپورٹس گالااپنی تما م تر رنگینیاں بکھیرنے کے بعداختتام پزیر ہو گیا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ تھے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ٹانک کیمپس ڈاکٹر احسان اللہ دانش ،پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج ٹانک شبیر احمد، پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج اما خیل عالم شیر، پرنسپل اقرا سکول اینڈ کالج اکرام اللہ مہر، پرنسپل ویزڈم سکول اینڈ کالج ،پرنسپل آئیڈیل کالج آف فارمیسی احسان کنڈی سمیت ٹانک کیمپس کے اساتذہ، ملازمین اورطلبا کی بڑی تعدادبھی موجو د تھی ۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز ٹانک کیمپس کے طالبعلم دانش نے تلاوتِ قرآنِ سیکیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض لیکچرر شعبہ انگریزی محمد ہارون جان نے ادا کئے۔ ڈائریکٹر سپورٹس ٹانک کیمپس نور زمان نے سپورٹس گالا کی تفصیلات سے تمام مہمانان گرامی کو آگاہ کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو میں کامیاب سپورٹس گالا کے انعقاد پر ڈائریکٹر ٹانک کیمپس ڈاکٹر احسان اللہ دانش اور ان کی پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں اور انشاء اللہ مستقبل میں بھی ہم ٹانک کیمپس کے طلبا کے لئے اسی طرح کی صحت مندانہ ومثبت ہم نصابی سرگرمیوں سمیت مختلف قسم کے سیمینارکاانعقاد کرواتے رہیں گے کیونکہ ٹانک کیمپس کے طلبا کو ہر وہ سہولت میسر کرنا جو پاکستان کی دیگر یونیورسٹی کے طلبا کو مل رہی ہیں اور یہ میری اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وائس چانسلر کا مزید کہنا تھاکہ آپ طلبا ایک بات یاد رکھیں کہ محنت کبھی بھی رائیگاں نہیں جاتی۔ میں بھی ٹانک کا رہائشی ہوں اور ابتدائی تعلیم ٹانک سے حاصل کی کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ میں وائس چانسلر بن جائونگا۔ میں نے محنت اورلگن سے حصول علم کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتا گیا اور آج اس مقام پر پہنچ گیا ہوں جس پر میں اللہ تعالی کے بعد اپنے اساتذہ، اور والدین کا شکر گزار ہوں ۔

پروفیسر ڈاکٹرشکیب اللہ کا مزید کہنا تھا کہ ضلع ٹانک و ضلع جنوبی وزیرستان کے طلبا کیلئے گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک کسی نعمت سے کم نہیں اور نہ ہی گومل یونیورسٹی اورٹانک کیمپس الگ ہیں بلکہ ہم سب ایک ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج گومل یونیورسٹی سب کیمپس ٹانک کی اپنی زمین مل چکی ہے اور جلد ہی اس کی بلڈنگ بن جائے گی جس کے لئے ڈائریکٹر ٹانک کیمپس اور یونیورسٹی انتظامیہ دن رات کوشاں ہیں اور اس تمام کامیابی میں ہائرایجوکیشن کمیشن اسلام آباد، ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پشاور ،وفاقی و صوبائی حکومت سمیت ٹانک کی ضلعی انتظامیہ، پاک فوج، محکمہ پولیس سب کا کردار قابل دید اور قابل تحسین ہے ۔

وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے کہا کہ میں تمام جیتنے والے طلبا کو مبارک باد دیتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ اسی طرح آگے بھی محنت کرتے رہیں گے اور وہ طلبا جو آج ہار گئے وہ بالکل نا امید نہ ہوں بلکہ ایک نئے جذبہ اور ولولہ کے ساتھ اگلی دفعہ پھر بھرپور حصہ لیں انشا اللہ کامیابی ان کا مقدر ہو گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹانک کیمپس ڈاکٹر احسان اللہ دانش کا کہنا تھا کہ صحت مندانہ سرگرمیوں کے انعقاد سے طلبا میں مقابلے اور امیدکی شمع روشن ہوتی ہے کہ زندگی میں کبھی بھی ناکامی میں نا امید نہیں ہونا چاہئے بلکہ اپنی کمی و کمزوری کو دور کرکے ایک نئے جذبے اور ولولے کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے کامیاب سپورٹس گالا کا تمام تر سہرا ٹانک کیمپس کے اساتذہ، ملازمین اور طلبا ء سمیت خصوصی طور پر ضلعی انتظامیہ، پاک فوج اور محکمہ پولیس کو جاتا ہے جن کی دن رات کی محنت سے سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔

ڈاکٹر احسان اللہ دانش کا کہنا تھا کہ میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ سمیت تمام یونیورسٹی انتظامیہ کا انتہائی مشکور ہوں کہ جب بھی میں نے ٹانک کیمپس کے طلبا کو تعلیم فراہمی کے ساتھ ساتھ مثبت ہم نصابی یاصحت مندانہ سرگرمیوں کیلئے کبھی بھی درخواست کی تو انہوں نے نہ صرف منظور کی بلکہ بھرپور تعاون بھی کیا اور یہی وجہ ہے کہ آج وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر شکیب اللہ نے ٹانک کیمپس میں سیمینارز کی منظوری بھی دیدی جس سے آپ طلبا کو تعلیم کے ساتھ عملی زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کیلئے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا اور میں ٹانک کیمپس کے تمام اساتذہ، ملازمین اور طلبا کی طرف سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ اور تمام یونیورسٹی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین