جمعرات, مئی 16, 2024
صفحہ اولRTI اسٹوریزسندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کا دفتر ماہانہ ساڑھے 11 لاکھ کرائے پر حاصل...

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کا دفتر ماہانہ ساڑھے 11 لاکھ کرائے پر حاصل کیا گیا

کراچی : سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کو لکھی گئی معلومات تک رسائی (RTI) کی درخواست کے جواب میں ملنے والی معلومات میں انکشاف ہوا ہے کہ سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے سندھ بھر کے 2 ہزار 596 اسکولوں میں 8 لاکھ 67 ہزار 454 بچوں کو تعلیمی سہولت دی جا رہی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق معلومات تک رسائی (RTI) کیلئے سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کو درخواست دی گئی تھی جس کا جواب نہ موصول ہونے کی صورت میں سندھ انفارمیشن کمیشن کو درخواست دی گئی جس پر سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے تفصیلات مہیا کی گئی ہیں ۔

ان معلومات کے مطابق سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن میں سندھ بھر میں کل 2 ہزار 596 اسکول رجسٹرڈ ہیں جن میں کل 8 لاکھ 68 ہزار 454 طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں ۔

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن میں کل 592 ملازمین ہیں ، جن میں دو افسران خلاف ضابطہ طور پر اسکول ایجوکیشن اینڈ لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے تعینات کیئے گئے ہیں ۔ جن میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسر کو ڈائریکٹر ہیومن ریسورس تعینات کیا گیا ہے ۔جب کہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے افسر کو ڈائریکٹر ٹریژریز اینڈ اکائونٹ تعینات کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 12 جون 2013 ، 5 جنوری 2015 اور 13 جنوری 2016 کو سی آر 89/2011 اور سول ریونیو پٹیشن نمبر 193/2013 کے تحت واضح حکم دیا تھا کہ کوئی بھی افسر کسی دوسرے محکمہ میں ڈیپوٹیشن پر تعیناتی نہیں کرا سکتا ۔

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کی جانب سے دیئے اعداد و شمار کے مطابق سال 23-2022 کا کل بجٹ 13 ارب 29 کروڑ 90 لاکھ روپے کا بجٹ دیا گیا ہے جس کو 100 فیصد استعمال کیا گیا ہے ۔

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کو ایک سال میں 66 شکایات موصول ہوئی ہیں ، تمام شکایات کو حل کیا گیا ہے ۔ جب کہ اس وقت سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے مختلف عدالتوں میں کل 54 کیسز زیر سماعت ہیں ۔

سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن اپنے دفتر واقع NICL بلڈنگ ، فرسٹ فلور کو 11 لاکھ 48 ہزار 626 روپے ماہانہ میں کرائے پر حاصل کیا گیا ہے ۔ جب کہ شہر میں متعدد سرکاری عمارتیں خالی ہیں ۔ مذکورہ بلڈنگ میں کرائے کی معائدہ یکم ستمبر 2023 سے 31 جولائی 2024 تک ہے ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین