قاضی عارف علی کو چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بورڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا۔
نگران وزیراعلی سندھ کی منظوری سے سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نور احمد سموں نے قاضی عارف علی کی بطور چیئرمین تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔
گزشتہ روز تقرری کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے بعد قاضی عارف علی نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا اور چارج سنبھالتے ہی بورڈ کی بہتری کے اقدامات شروع کر دیے۔
نوٹیفیکیشن جاری ہوتے ہی سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے ملازمین اور افسران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
بورڈ ملازمین نے قاضی عارف علی کی بطور چیئرمین تقرری کو احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ قاضی صاحب بورڈ کے ایک ماہر اور تمام امور پر دسترس رکھنے والے افسر ہیں۔ انہوں نے اپنے پچھلے ادوار میں جن جن عہدوں پر کام کیا اس پر اپنا لوہا منوایا۔ قاضی صاحب ایک اچھی شہرت کے حامل افسر ہیں جو اپنے کام اور زمیداریوں کو بخوبی سمجھتے ہیں۔
قاضی عارف علی کے چیئرمین سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن بننے سے بورڈ کی ساکھ اور کارکردگی میں بہتری کی امید کی جارہی ہے۔ کیونکہ سندھ ٹیکنیکل بورڈ گزشتہ کئی سالوں سے زوال پزیر ہے اور اس کی ساکھ میں مسلسل گراوٹ دیکھی گئی ہے۔
ملازمین کا کہنا تھا کہ قاضی عارف علی کی تقرری سے سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے ملازمین کے دیرینہ مسائل حل ہونے کی امید بھی جاگ گئی ہے۔ کیونکہ قاضی صاحب نے بورڈ کے ملازمین بلخصوص چھوٹے ملازمین کے مسائل کو ہمیشہ ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے۔
ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ قاضی عارف علی صاحب کو مستقل بنیادوں پر سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین کی حیثیت سے تعینات کیا جائے تاکہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ سندھ ٹیکنیکل بورڈ دیگر تمام بورڈز کے مقابلے میں ایک مثالی بورڈ بن کر ابھر سکے۔