کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی کے اساتذہ نے کہا ہے کہ سلیکشن بورڈ کی سفارشات اور سینیٹ کی منظوری سے اساتذہ کو تقرر نامے جاری کرنے پر سابقہ انتظامی عہدیداران کو جاری وضاحت طلبی کے نوٹسز سلیکشن بورڈ کے خلاف سازش ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی جامعہ اردو گلشن اقبال کیمپس کے اساتذہ نے 3 جنوری بروز بدھ MSc بلاک میں انتظامیہ کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا ۔ جس میں بڑی تعداد میں اساتذہ شریک ہوئے ۔
اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ سلیکشن بورڈ کے خلاف سازشیں بند کی جائیں۔ اساتذہ نے مذید مطالبہ کیا سینیٹ کی منظوری سے تقرر کیے گئے اساتذہ کی تنخوائیں جاری کرنے پر سابقہ وائس چانسلر ، سابقہ رجسٹرار ، سابقہ ٹریژرار کو جاری شوکاز نوٹس واپس لیے جائیں۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ گریڈ 17 کے منتظم کی تنخواہ روکنے کا خط فوری منسوخ کیا جائے۔ کسی بھی ملازم کی تنخواہ بغیر تحقیقات کئے روکنا غیر قانونی عمل ہے ۔ جامعہ کے قائم مقام متعصب رجسٹرار کو فوری عہدے سے ہٹایا جائے۔
احتجاج میں شامل اساتذہ نے صدر مملکت و چانسلر وفاقی اردو یونیورسٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ جامعہ اردو میں انتظامیہ کو انتقامی کاروائیاں کرنے سے روکا جائے۔ غیر قانونی اقدامات اور ملازمین کی تنخوائیں روکنے پر رجسٹرار کو عہدے سے ہٹایا جائے۔