کراچی : داؤد یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سنڈیکیٹ کا انوکھا فیصلہ ‛ 4 برس سے بیرون ملک اسٹڈی لیو پر گئے اسکالرز کی رخصت ختم ہونے کے باوجود واپس نہ آنے پر مذید مہربانی کرنے کا انوکھا انداز اپنایا گیا ہے ۔
داؤد یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی سنڈیکیٹ نے 25 نومبر 2023 کو منعقد ہونے والے سنڈیکیٹ اجلاس میں اسکالرز کو چھ ماہ کی تعلیمی رخصت (اسٹڈی لیو) کی اجازت دینے کا انوکھا فیصلہ کیا ہے ۔ مذکورہ فیصلے کو تعلیمی حلقوں میں مضحکہ خیز قرار دیا گیا ہے کیونکہ یہ فیصلہ امینٹی اسکیم کی طرح ہی ہے جس سے ان اسکالرز کو فائدہ ہو گا جو یونیورسٹی سے طویل رخصت کے بعد باقاعدہ مفرور ڈیکلیئر ہیں ۔جنہوں نے گزشتہ چار برس سے یونیورسٹی کے نوٹسز کا جواب تک نہیں دیا ہے ۔
ایسا ہی ایک اسکلر غضنفر رضا ہے جس کو مذکورہ مضحکہ خیز فیصلے پر عملدرآمد کرتے ہوئے فائدہ دیئے جانے کا امکان ہے ۔ اس مفرور اسکالر کو 5 نومبر 2009 سے 4 مئی 2020 تک ایک لیٹر کے ذریعے وسیع دی گئی تھی ۔ اب اس نااہلی کو چھپانے کیلئے رجسٹرار نے سنڈیکیٹ کا سہارا لیکر خود کو نیب کی ممکنہ کارروائی سے بچانے کی موہوم کوشش کی ہے ۔
غضنفر رضا کے سپروائزر کی جانب سے ایسی کوئی بھی درخواست یونیورسٹی کو موصول نہیں ہوئی ہے جس کے باوجود چار سال تک غضنفر رضا کو وظیفہ بھی ادا کیا جاتا رہا ہے ۔ وظیفہ میں توسیع اور اجراء کی شرط کے بغیر ہی تقریباً 10 ملین روپے کی غیر مجاز ادائیگی کی گئی ہے ۔ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر فضل اللہ عباس کے ساتھ غضنفر رضا کے خاندانی تعلقات کی وجہ سے یہ نوازشات کی گئی ہیں ۔سابق وائس چانسلر بدعنوانی اور جانبداری کے حوالے سے مشہور تھے ۔ جبکہ غضنفر رضا گزشتہ چار برس سے یونیورسٹی کے خطوط کا جواب تک نہیں دے رہے ہیں ۔
اندرونی معلومات رکھنے والوں نے انکشاف کیا کہ سنڈیکیٹ کا یہ فیصلہ خصوصی طور پر ان سکالرز کے لیے کیا گیا ہے جو اپنی تعلیم ختم کرنے اور یونیورسٹی میں اپنی موجودگی دوبارہ شروع کرنے کے لیے توسیع کی درخواست کر رہے ہیں ۔ ظاہر ہے کہ جو لوگ گزشتہ تین چار سالوں سے اپنی چھٹیوں میں توسیع کے لیے درخواست تک نہیں دے رہے تھے وہ مذکورہ فیصلے میں شامل نہیں تھے۔
ایسا غیر منطقی خط قانونی سقم پیدا کرنے کے لیے جاری کیا گیا ہے جو بالآخر غضنفر رضا کو مدد دے گا جو یونیورسٹی سے 10 ملین روپے وصول کرنے کے باوجود یونیورسٹی میں اپنی خدمات واپس لینے کو تیار نہیں اور رجسٹرار اس معاملے میں انتہائی پر جوش خدمات انجام دے رہے ہیں ۔