جمعہ, جولائی 26, 2024
صفحہ اولتازہ ترینوفاق المدارس الرضویہ کے امتحانات میں سوا 1 لاکھ درس نظامی اور...

وفاق المدارس الرضویہ کے امتحانات میں سوا 1 لاکھ درس نظامی اور 2400 مفتی کورس کے طلبہ شریک

کراچی : وفاق المدارس الرضویہ پاکستان کے تحت ملک اور بیرون ممالک میں سالانہ امتحانات آج 18جنوری 2024 سے شروع ہو گئے ہیں ۔سالانہ امتحانات 10فروری تک جاری رہیں گے۔امتحانات میں حفظ، تجوید و قرات، متوسط، عامہ، خاصہ،عالیہ، عالمیہ، شارٹ کورسز،مختصر نصابات اور مفتی کورس کے طلبہ و طالبات شریک ہیں۔

چیئرمین امتحانی بورڈ ڈاکٹر محمد کریم خان کے مطابق وفاق المدارس الرضویہ پاکستان کے زیر اہتمام اندورن و بیرون ممالک 172325 درس نظامی کے طلبہ و طالبات شریک ہیں جبکہ مفتی کورس میں 2400 طلبہ و طالبات شریک امتحان ہیں، جن کیلئے پورے پاکستان کے اہم شہروں اور قصبات بشمول آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور بیرون ممالک برطانیہ، نیدر لینڈ، عراق، دبئی، امریکہ اور سعودی عرب میں (آن لائن) 1012 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

جن کیلئے 1012 ناظمین امتحانات، 2570 معاونین اور 450 امین اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ۔مدارس کی تاریخ میں پہلی دفعہ مفتی کورس کے دس شعبہ جات (تفسیر،حدیث،سیرت، فقہ،تصوف،ادب عربی،اقتصاد اسلامی، تاریخ، کلامیات)میں امتحانات لیے جا رہے ہیں۔

مفتی کورس میں طلبہ کے ساتھ ساتھ طالبات بھی شریک ہیں۔مفتی کورس کیلئے طلبہ کے 31اور طالبات کے 27 مرکز قائم کیے گئے ہیں، مفتی کورس کے امتحانات 18 جنوری تا 22 جنوری، درس نظامی کے 27 جنوری تا 2 فروری، حفظ و تجوید اور مختصر نصابات کے امتحانات 3 فروری تا 10 فروری تک منعقد ہونگے۔

تمام امتحانی مراکز میں ضروری امتحانی سامان پہنچ گیا ہے اور تمام عملہ نے ڈیوٹیاں سنبھال لی ہیں۔ چیئرمین امتحانی بورڈ ڈاکٹر محمد کریم خان نے لاہور میں مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین