جمعہ, اکتوبر 18, 2024
صفحہ اولتازہ ترینوفاق المدارس کے امتحانات کی تیاریاں مکمل

وفاق المدارس کے امتحانات کی تیاریاں مکمل

کراچی : پاکستان میں مدارس دینیہ کے سب سے بڑے بورڈ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے زیر اہتمام درس نظامی و دیگر درجات کے سالانہ امتحان تیس جنوری بروز منگل سے ملک بھر میں شروع ہو رہے ہیں۔جبکہ شعبہ تحفیظ کے امتحان کا سلسلہ کامیابی سے جاری ہے۔

میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس العربیہ مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق امسال شرکائے امتحان میں ریکارڈ تعداد کا اضافہ ہوا ہے۔مجموعی طور پر گزشتہ سال کی نسبت ملک بھر میں بھتر ہزار ایک سو اکاون (72151) کے اضافہ کے ساتھ پانچ لاکھ چورانوے ہزار سات سو تیراسی (594783) طلباء وطالبات شریک امتحان ہیں۔

جس میں آخری درجہ کا امتحان پاس کر کے فضلاء و فاضلات کی سند حاصل کرنے والوں کی تعداد تقریباً انتالیس ہزار (39000) ہے،جبکہ ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو بیاسی (107582) حفاظ و حافظات امتحان دے رہے ہیں،عالمی سطح پر گزشتہ سالوں کی مانند سب سے زیادہ حافظ تیار ہونے والے ملک کا عالمی ریکارڈ برقرار رکھا۔

کراچی شعبہ تحفیظ کے مسؤل مولانا قاری زبیر احمد نے میڈیا سینٹر کو بتایا کہ کراچی میں تقریباً سولہ ہزار حفاظ و حافظات کے امتحان کیلئے اٹھاون (58) سینٹرز بنائے گئے ہیں۔جس میں ایک سو ساٹھ (160) ممتحنین اپنی ترتیب کے مطابق امتحان لینے میں مصروف ہیں۔

گزشتہ روز جامعہ علوم اسلامیہ علامہ بنوری ٹاؤن میں درس نظامی و دیگر درجات کے امتحان کیلئے نگران عملہ کی تربیتی نشست کا انعقاد ناظم سندھ استاذ العلماء مولانا امداداللہ یوسف زئی کی صدارت میں ہوا۔جس میں مسؤلین و منتظمین وفاق المدارس مولانا عبدالرزاق زاہد،مولانا قاری حق نواز، مولانا طلحہ رحمانی،مولانا عبیدالرحمن چترالی،مولانا منظور احمد، مفتی اکرام الرحمن،مولانا قاسم عبداللہ، مفتی محمد زکریا،مولانا اظہار الحق،مولانا عبدالجلیل سمیت تقریباً ساڑھے سات سو نگران علماء شریک ہوئے۔

اس موقع پر مولانا امداداللہ یوسف زئی نے اپنے کلیدی خطاب میں نگران عملہ کو امتحانی نظم وضبط پر ہدایات دیتے ہوئے وفاق المدارس کی کارکردگی کا اجمالی جائزہ بھی پیش کیا،انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس اکابر کی محنتوں کا ثمرہ ہے،اپنے اکابر کی حسین روایات کو سامنے رکھتے ہوئے بہتر سے بہترین کارکردگی پیش کرتے ہوئے اپنی مثالی روایت کو برقرار رکھنے کا عزم کرتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ الحمدللہ اس سال گزشتہ سالوں کی نسبت ریکارڈ تعداد کا اضافہ ہورہا ہے جو مدارس پر عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔اس اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نگران عملہ کی تعداد میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

اس موقع پر میڈیا کوآرڈینیٹر مولانا طلحہ رحمانی نے بتایا کہ کراچی میں شعبہ تحفیظ و درجات کتب کے امتحانات میں شریک پینتالیس ہزار سے زائد طلباء و طالبات کیلئے دو سو اٹھاون (258) سینٹرز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔شعبہ تحفیظ کے امتحان کا سلسلہ بائیس جنوری سے جاری ہے جو انتیس جنوری کو مکمل ہوگا۔جبکہ تیس جنوری 2024ء بروز منگل سے درجات کتب کے ایک سو نوے (190) امتحانی مراکز میں ملک بھر کی مانند ایک ساتھ شروع ہو کر پانچ فروری کو اختتام پذیر ہونگے۔اس سال پرچے شروع ہونے کا وقت صبح نو سے دوپہر ایک بجے تک ہے۔مولانا رحمانی نے مزید بتایا کہ ملک بھر کی طرح مجموعی طور پر کراچی میں بھی اضافہ ہوا ہے جس میں درجات کتب کے تیئس (23) نئے سینٹرز کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔

کراچی میں امتحانی نظام کو مانیٹر کرنے کیلئے ناظم سندھ مولانا امداداللہ یوسف زئی کی سربراہی میں مسؤلین وفاق مولانا قاری حق نواز،مولانا عبیدالرحمن چترالی،مفتی اکرام الرحمن،مولانا منظور احمد،مفتی محمد زکریا، مولانا قاسم عبداللہ،مولانا اظہار الحق پر مشتمل اراکین فعال رہیں گے اور امتحانی مراکز میں نظم امتحان کی رپورٹس کا جائزہ لیا جاتا رہے گا۔مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ خواتین نگران عملہ کی ترتیب نشستوں کا بھی اہتمام مدرسۃ البنات جامعہ بنوری ٹاؤن،جامعہ صفہ للبنات سعید آباد اور جامعہ حمادیہ للبنات شاہ فیصل کالونی میں انعقاد کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین