جمعہ, اکتوبر 18, 2024
صفحہ اولNewsورلڈ بینک کے 5 رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

ورلڈ بینک کے 5 رکنی وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

کراچی :  ورلڈ بینک کے پانچ رکنی وفد نے سینئر سوشل ڈویلپمنٹ اسپیشلسٹ آف سوشل سسٹین ایبلٹی اینڈ انکلوژن گلوبل پریکٹس عمران الحق کی قیادت میں جمعہ کے روز وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سے وائس چانسلر سکریٹریٹ میں ملاقات کی۔اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز جامعہ کراچی کے ڈاکٹر محمد فرخ نواز، ڈائریکٹر آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی ڈاکٹر سیدہ حورالعین اور ان کی ٹیم بھی موجودتھی۔

دوران ملاقات پاکستان میں عالمی بینک کے سینٹر فار انوائرمینٹل اینڈ سوشل سسٹین ایبلٹی(سی ای ایس ایس) کے قیام کے امکانات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ورلڈ بینک کے عمران الحق نے بتایا کہ ورلڈ بینک صوبے میں ایک سینٹر آف ایکسی لینس بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے جو ماحولیاتی مسائل کا پائیدار ودیرپا حل فراہم کرنے اور سماجی استحکام میں مدد فراہم کر سکے۔

عمران الحق نے بتایا کہ عالمی بینک کے وفد نے سی ای ایس ایس کے قیام کے لیے چار یونیورسٹیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے اور جامعہ کراچی ان میں سے ایک ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے 16 یونیورسٹیوں میں سے کراچی کی چارجامعات کو شارٹ لسٹ کیا اور ابتدائی طور پر جامعہ کراچی کے دورے سے قبل باقی تینوں اداروں کے سربراہان سے بھی ملاقات کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک سینٹر فار انوائرمینٹل اینڈ سوشل سسٹین ایبلٹی کے حوالے سے دیگر ڈونر ایجنسیوں کو بھی شامل کرنا چاہے گا اور امید ظاہر کی کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جیسے اداروں کے تعاون سے سی ای ایس ایس کا منصوبہ معاشرے کے لیے زیادہ مفید ثابت ہوگا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف انوائرمینٹل اسٹڈیز کے استادمحمد فرخ نواز اور آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سیدہ حور العین نے جامعہ کراچی میں کام کرنے والے مختلف سینٹرز آف ایکسی لینس اور دیگر شعبہ جات اور مراکز میں ہونے والی تحقیق پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امید ظاہر کی کہ سینٹر فار انوائرمینٹل اینڈ سوشل سسٹین ایبلٹی کا مجوزہ منصوبہ جامعہ کراچی کے فیکلٹی ممبران کی تحقیق اور ان کے اہداف کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

دریں اثناجامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے وفد کو بتایا کہ جامعہ کراچی نے شعبہ جاتی سطح پر ایک انڈسٹری ایڈوائزری بورڈ قائم کیا ہے اور ان میں سے ہر ایک کے پاس فیلڈ ماہرین موجود ہیں جو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق نصاب میں تبدیلیاں تجویز کرتے ہیں جس سے طلباء کو انٹرن شپ اورملازمت کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرناپڑتا۔انہوں نے کہا کہ ہم کیمپس سے ہنر مند گریجویٹس تیار کرنا چاہتے ہیں اور اسی لیے گزشتہ دو تین سالوں کے دوران تواترکے ساتھ نئے ڈگری کورسز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے دورہ کرنے والے وفد کو بتایا کہ جامعہ کراچی نے فیلڈ ماہرین کو بھی کئی شعبوں میں وزیٹنگ ٹیچرز کے طور پر فیکلٹی کا حصہ بنایاہے تاکہ طلباء کوکیمپس میں دوران تعلیم ہی مارکیٹ کی ضروریات کے جدیدتقاضوں سے ہم آہنگ کیا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین