پیر, نومبر 18, 2024
صفحہ اولNewsعید الفطر کے موقع پر جامعہ کراچی کے اساتذہ و ملازمین کے...

عید الفطر کے موقع پر جامعہ کراچی کے اساتذہ و ملازمین کے واجبات کی عدم ادائیگی پر KUTF کا سخت ردعمل

کراچی : کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم کا عید الفطر کے موقع پر جامعہ کراچی کے اساتذہ و ملازمین کو انکے واجبات کی ادائیگی سے محروم رکھنے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے ۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں درخواست دہندہ اساتذہ اور کئی اراکین سینڈیکیٹ کے اعتراضات کا ٹیکنیکل بنیادوں پر جائزہ نہ لیے جانے پر بھی اظہار تشویش کیا ہے ۔انتظامیہ سے عید کی تعطیلات سے قبل تمام ایرییرز کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے ۔

کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم کی جانب سے اس بات کی شدید مذمت کی گئی ہے کہ عید الفطر کے موقع پر، جہاں ہر اچھے اور بہتر مینجمنٹ کے ادارے کی یہ روایت ہوتی ہے کہ وہ اپنے ملازمین کو عید بونس یا دیگر طرح کی مراعات پیش کرتا ہے، جامعہ کراچی سے وابستہ اساتذہ اور ملازمین کو ان کے کئی طرح کے واجبات کی ادائیگی سے محروم رکھا جا رہا ہے۔

ان واجبات میں انکے دو سال کے لیو انکیشمنٹ، شام کی شفٹ میں تدریسی و غیر تدریسی فرائض انجام دینے کے پچھلے پورے سال اور موجودہ سیمسٹر کے معاوضے سمیت ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2023 کی چار ماہ کے بقایاجات بھی شامل ہیں جو ازخود انکی بیسک تنخواہ کا 120٪ فیصد بنتے ہیں۔

جامعہ کراچی کے ایک ذیلی ادارے سی ای ایم بی کے اساتذہ و ملازمین فنڈز کی عدم دستیابی اور بدترین انتظامی امور کی وجہ سے گزشتہ دو ماہ سے اپنی بنیادی تنخواہوں تک سے محروم ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ گزشتہ روز منعقدہ سینڈیکیٹ میں 2019ء کے اشتہار کے کئی درخواست دہندہ اساتذہ کی ریفر بیک کی درخواستوں کا ٹیکنیکل بنیادوں پر جائزہ نہ لیے جانے پر بھی پوری اساتذہ برادری میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے جس پر کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم مطالبہ کرتا ہے کہ ایسے تمام درخواست دہندہ افراد کی درخواستوں کا واپس سلیکشن بورڈز کو ریفر کیا جانا انتہائی ضروری ہے تاکہ سلیکشن بورڈ دوبارہ انکی بہتر انداز میں جانچ کرسکے اور اساتذہ برادری میں پائی جانے والی اس بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔

کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے پرزور مطالبہ کیا کہ تمام واجبات عید الفطر کی تعطیلات سے قبل ادا کئے جائیں تاکہ اساتذہ و ملازمین عید کی خوشیاں اپنے احباب کے ساتھ بہتر انداز سے منا سکیں۔ کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے اس سلسلہ میں جلد انجمن اساتذہ کی مجلس عاملہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین