کراچی : ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن اور تمام اپوزیشن گروپس کا مشترکہ جنرل باڈی کا اجلاس بروز جمعہ 26 اپریل 2024ء کو چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں زیر صدارت صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن عرفان خان منعقد ہوا ۔
اس موقع پر نیوٹرل گروپ کے شکیل گبول اور کاظم جاوید جب کہ مور گروپ کے انور اقبال، ظفر خان اور انصاف پسند گروپ کے صدر افتخار احمد، جنرل ورکرز اتحاد کے رانا سلیم اور نصیر احمد موجود تھے۔ اجلاس میں پانچ سو سے زائد ملازمین نے شرکت کر کے اپنی بھر پور یکجہتی اور متحد ہونے کا ثبوت دیا ۔
ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری محمد شاہد نے شرکاء کو بتایا کہ انتظامیہ سے تواتر کے ساتھ ملاقاتوں اور گفت و شنید کے باوجود ہمارے جائز مطالبات پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا ہے ۔ چار ماہ کے بقایات جات جس کے لئے ایچ ای سی جامعہ کراچی کو فنڈز فراہم کر چکی ہے لیکن جامعہ تاحال ملازمین کو یہ بقایات دینے سے قاصر ہے ۔
اس موقع پر نیوٹرل گروپ کے شکیل گبول نے کہا کہ جامعہ اس وقت بدترین مالی بحران سے دو چار ہے جس کی وجہ انتظامیہ کی عدم توجہی ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آج ہم اس اجلاس میں یہ فیصلہ کر کے اُٹھیں کہ ہمیں اپنے جائز حقوق کے حصول کے لئے کس طرح آگے بڑھنا ہے ۔ آج ملازمین کی اتنی کثیر تعداد اور ان کو جوش وولولہ دیکھ کر لگتا ہے کہ ہم سب متحد ہیں۔
اجالاس میں تمام گرورپس اور ملازمین کے پر زور مطالبہ پر انصاف پسند کے صدر افتخار احمد نے کہا کے آپ سب حلف اٹھا کر بتائیں کے ہم پیر سے قلم چھوڑ شروع کریں گے تو سب ساتھ ہوں گے جس پر تمام حاضرین نے یک آواز میں تائید کی اور قرار داد کی صورت میں اس تجویز کو متفقہ طور منظور کر لیا گیا۔ اس کے بعد صدر ایسوسی ایشن نے بھرپور تالیوں میں اعلان کیا کہ پیر 29 اپریل 2024ء سے تدریسی، اور انتظامی امور کا بائیکاٹ کیا جائے گا اور تمام ملازمین صبح دس بجے اپنے حلف کی پاسداری کو یقینی بناتے ہوئے ایڈمن بلاک میں جمع ہو کر اپنے اتحاد کا مظاہرہ کریں گے۔
اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ جب تک لیو انکیشمنٹ، چار ماہ کے ائیریرز، میرین بائیولوجی کے ملازمین کی تنخواہوں کی بحالی، چھ سو سے زائد ملازمین کے چار سال سے تعطل کی شکار ترقیاں،بچوں کی فیس کی سالانہ رقم، ایوننگ کے بلز، میڈیکل بلز (جو ماضی میں تواترکے ساتھ ملتے تھے) کی ادائیگی نہیں ہوجاتی اس وقت تک قلم چھوڑ احتجاج و ہڑتال جاری رہے گا۔ اس کے بعد ملازمین آڈیٹوریم سے نکل کر ایڈمن بلاک میں جمع ہوئے اور مطالبات کے حق میں نعرے بلند کئے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ایمپلائزویلفیئر ایسوسی ایشن ماہ رمضان المبارک میں ملازمین جامعہ کے مطالبات کی عدم منظوری کی بناء پر دوروزیوم سیاہ بھی منا چکی ہے۔علاوہ ازیں رمضان المبارک میں دو گھنٹے قلم چھوڑ احتجاج سے اپنے مطالبات کی منظوری کے لئے ملازمین کا احتجاج ریکارڈ کراتے رہے۔