پیر, نومبر 18, 2024
صفحہ اولUncategorizedنہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 505 امتحانی مراکز قائم

نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات کیلئے 505 امتحانی مراکز قائم

کراچی : نہم و دہم جماعت کے سالانہ امتحانات 505 امتحانی مراکز میں منگل7 مئی 2024ء سے شروع ہو رہے ہیں ۔ اس بات کا اظہار ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ نے جمعہ کے روز بورڈ کے کانفرنس ہال میں امتحانات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ۔

اس موقع پر سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد، ناظم امتحانات خالد احسان بھی موجود تھے ۔ انہوں نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس سال نہم و دہم جماعت کیلئے بورڈ کی طرف سے کمپیوٹرائزڈ آن لائن ایڈمٹ کارڈ آن لائن جاری کئے گئے ہیں جن پر طلباء و طالبات کے امتحانی مراکز کا نام بھی پرنٹ کر دیا گیا ہے ۔

اگر کسی اسکول کو آن لائن ایڈمٹ کارڈ نکالنے میں کوئی پریشانی آ رہی ہے تو اسکول سربراہان یا ان کے مجاز نمائندے اپنے شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ بورڈ آفس میں کمرہ نمبر 24 سے ایڈمٹ کارڈ کی 806870 حاصل کر سکتے ہیں ۔

مجموعی طور پر 3لاکھ 65 ہزار 102 طلباء و طالبات سائنس و جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات دیں گے جبکہ بورڈ نے 505 امتحانی مراکز قائم کئے ہیں جس میں طلباء کیلئے 266 اور طالبات کیلئے 239 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں ، جس میں سرکاری اسکول اورنجی اسکول شامل ہیں ۔

اس دفعہ 19 حب امتحانی سینٹر بنائے گئے ہیں جو کراچی کے مختلف 18 ٹاءونز میں قائم کئے گئے ہیں وہاں پر بورڈ کے آفیسرز امتحانی پرچوں کی ترسیل پر مامور ہوں گے ۔ انہوں نے ناظم امتحانات اور دیگر افسران کو کہا کہ تمام امتحانی مراکز کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ امتحانات کے دوران امتحانی سینٹر کے باہر ہدایات آویزاں کریں کہ امتحانی مراکز میں کسی بھی قسم کی ڈیوائس یا موبائل فون ملنے کی صورت میں اسے ضبط کر لیا جائے گا ۔

اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے نقل کا موادہر گز اپنے ساتھ نہ لائیں ہم نے فول پروف انتظامات کے حوالے سے کمشنر کراچی، ڈی جی رینجرز، ایڈیشنل آئی جی، ڈائریکٹر ایجوکیشن کراچی، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکول سندھ اور دیگر محکموں کو لیٹرز جاری کر دیئے ہیں ۔

تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کرنے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بورڈ سے لیٹر جاری کئے جا ر ہے ہیں جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہو گی اور ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی ۔

چیئرمین بورڈنے نے بتایا کہ امتحانات کی نگرانی کیلئے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل قائم کیا جائے گا جہاں نقل کی روک تھام کیلئے بورڈ کی خصوصی ٹی میں رپورٹ کے حوالے سے اقدامات کریں گی ۔ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لئے ایک موثر نظام تشکیل دیا گیا ہے اور یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ اتھارٹی لیٹر کے ساتھ مہر بند پرچے وصول کر کے اپنے امتحانی مرکز پہنچائیں گے اور جوابی کاپیاں اسکول سپرنٹنڈنٹ یا ان کا نمائندہ بورڈ میں جلد از جلد پہنچائیں گے ۔

ویجلینس آفیسر ہر امتحانی مرکز پر روزانہ کی بنیاد پر وقت امتحان سے آدھے گھنٹہ قبل امتحانی مرکز پر پہنچے گا اور دوران امتحان پورا وقت وہاں پر رہ کر نقل کی روک تھام کیلئے اقدامات اور نگرانی کرے گا ۔ روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ مرتب کر کے بورڈ میں قائم رپورٹنگ سیل میں جمع کرائے گا ۔

چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ ویجلینس آفیسر اپنی موجودگی میں مہر بند لفافے پر دستخط کرے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلئے اجتماعی کاوش کر رہی ہے، انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلئے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جا رہا ہے ۔ چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک) انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی ہے تاکہ بچے اچھے ماحول امتحانات دے سکیں ۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین