پیر, دسمبر 9, 2024
صفحہ اولNewsمثبت رپورٹنگ اور جدید ٹیکنالوجی سے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا...

مثبت رپورٹنگ اور جدید ٹیکنالوجی سے چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے : محمود شام

کراچی : ریجنل دعوۃ سینٹر (سندھ) کراچی ،دعوة اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام اسلامی تربیتی ورک شاپ برائے میڈیا پرسنز منعقد کیا گیا۔

ورک شاپ کا مرکزی عنوان ’’صحافت دور جدید میں مسائل و امکانات‘‘ تھا۔ ورک شاپ کے پہلے روز افتتاحی سیشن میں ڈاکٹر شہزاد چنا نے دعوۃ اکیڈمی کی دعوتی، تربیتی و تعلیمی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ شعبہ ماس کمیونیکیشن جامعہ کراچی کے سابق سربراہ ڈاکٹر محمود غزنوی نے ’’صحافتی اقدار اور ہمارے رویے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت کی بنیادی اقدار میں سے یہ بہت اہم ہے کہ صحافی خبر دیتے وقت حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کرے، کبھی بھی جلد بازی اور تصدیق کے بغیر نہ دی جائے۔

ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے انچارج ریجنل دعوۃ سینٹر (سندھ) کراچی، ڈاکٹر سید عزیزالرحمن نے کہا کہ قرآن مجید کی تعلیمات سے ہمیں دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی۔ صحافی اپنی خبر قرآن مجید کے اصولوں کی روشنی میں بنائیں، انہوں نے کہا کہ قرآن مجید ہماری مختلف امور میں مکمل رہ نمائی کرتا ہے۔

معروف تربیت کار مفتی خالد بخاری نے ’’استعداد کا ہنر‘‘ پر گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی شعبہ میں کام یابی اس میں استعداد اور صلاحیت پر منحصر ہے اور میڈیا پرسنز کو چاہیے اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے سخت محنت کریں۔

ورک شاپ سے خطاب کرتے ہوئے نامور اینکر پرسن، سوشل ایکٹوسٹ اور کالم نگار عرفان ملک نے کہا کہ اپنی رپورٹنگ کے لیے اچھا اسکرپٹ رائٹر بہت اہم ہے۔ دعوت کے میدان میں سوشل میڈیا کا صحیح استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نامور دانشور اور تربیت کار منیر احمد راشد نے کہا کہ ایک اچھا صحافی وہ ہوتا ہے جو معاشرے میں بسنے والے لوگوں کی نفسیات کو سمجھتا ہو۔ نفسیات اپنی شخصیت کو پہچاننے اور جانچنے کا ایک علم ہے ۔

ورک شاپ میں محمد فیصل شہزاد ، مدیر بچوں کا اسلام وخواتین کا اسلام نے گفت گو کرتے ہوئے کہا کہ صحافت میں زبان وبیان کی بہت زیادہ اہمیت ہے، صحافت میں صحیح لفظوں کا چناؤ بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ انجان میں کئی غلط الفاظ استعمال کرتے ہیں، ان کے لیے ضروری ہے درست لفظ کے لیے ماہر لسانیات کی کتب کا مطالعہ کریں ۔

ورک شاپ کے اختتامی تقریب سے معروف دانش ور، کالم نگار اور کئی کتابوں کے مصنف محمود شام نے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مثبت رپورٹنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے معاشرے میں درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔

دعوۃ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کا میڈیا پرسنز اور صحافیوں کے لیے ورک شاپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ تربیتی ورک شاپ کے عناوین عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق بنائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین