کراچی : محکمہ تعلیم نے انتقال کر جانے والے لوگوں ، سمیت ریٹائرڈ اور معذور افراد کے بھی تبادلے کر دئے گئے ہیں ۔ آل سندھ آفیسرز اینڈ سپرنٹنڈنٹ ایسوسی ایشن کا جبری تبادلوں کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا ۔
آل سندھ آفسرز اینڈسپرنڈنڈنٹ ایسوسی ایش نے محکمہ تعلیم میں ہونے والے جبری تبادلوں کیخلاف سندھ بھر میں ہنگامی اجلاس کئے اور غیرمنصفانہ تبادلوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان تبادلوں کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالہ بندی کا اعلان کیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے اجلاس کراچی، میرپور خاص، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ہوئے۔ اجلاس کے بعد جاری اعلامئے میں کہا گیا کہ وزیرتعلیم محکمے میں ہونے والے واقعات سے لاعلم ہیں اور ان کے مشیر ان کو غلط معلومات اور اطلاعات فراہم کر رہے ہیں جس کے باعث وہ نامناسب فیصلے کر رہے ہیں۔
اس سلسلے میں بدھ کے روز حیدرآباد میں آل سندھ آفسرز اینڈسپرنڈنڈنٹ ایسوسی ایشن اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کامشترکہ اجلاس ہوگا جس کے بعد متفقہ لائحہ عمل کا اعلان مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا جائے گا۔
اعلامیئے کے مطابق تبادلوں کے احکامات میں انتقال کر جانے والے لوگوں سمیت ریٹائرڈ افسران اور معذور لوگ بھی شامل ہیں جو اس بات کا غماز ہے کہ نوٹیفیکیشن جلد بازی میں بغیر دیکھے نکالا گیا ہے۔ افسران کو ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں بھیجنا ظلم ہے۔
ایسوسی ایشن نے وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ ان جبری تبادلوں کے احکامات کو فوری واپس لیاجائے اور جب تک یہ احکامات واپس نہیں لئے جائیں گے احتجاج جاری رہے گا ۔