جمعہ, ستمبر 13, 2024
صفحہ اولتازہ ترینانتقال کر جانیوالے مولانا قاضی عبدالرشید کون تھے ؟

انتقال کر جانیوالے مولانا قاضی عبدالرشید کون تھے ؟

کراچی : وفاق المدارس العربیہ پاکستان صوبہ پنجاب کے ناظم ورکن مرکزی مجلس عاملہ مولانا قاضی عبد الرشید چھیاسٹھ برس کی عمر میں حرکت قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔میڈیا کوآرڈینیٹر وفاق المدارس العربیہ مولانا طلحہ رحمانی کے مطابق قاضی صاحب مرحوم جامعہ دارالعلوم فاروقیہ دھمیال کیمپ راولپنڈی کے بانی و مہتمم تھے۔

آپ ایک علمی گھرانے سے تعلق رکھتے تھے آپ کے دادا مولانا قاضی عبدالرحمن پنڈ سرال ضلع اٹک میں دینی علوم و فنون سے وابستہ علمی شخصیت تھے، ان سے پڑھنے والوں میں برصغیر کی کئی نامور علمی شخصیات شامل تھیں۔قاضی عبد الرشید جن کی پیدائش 1958ء میں راولپنڈی میں ہوئی،ابتدائی دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم بھی آپ نے حاصل کی۔ بعد میں آپ نے پاکستان ائیرفورس کے انجینئرنگ شعبہ میں بھی کام کیا۔

مزید دینی تعلیم آپ نے بڑی عمر میں معروف دینی درسگاہ جامعہ فاروقیہ شاہ فیصل کالونی کراچی میں مکمل حاصل کر کے 1988ء میں امتیازی نمبروں سے تعلیمی مراحل سے فارغ ہوئے آپ کے اساتذہ میں مولانا شیخ سلیم اللہ خان، مفتی نظام الدین شامزئی، مولانا ڈاکٹر محمد عادل خان، مولانا عنایت اللہ، مولانا عبیداللہ خالد، مولانا محمد صادق، مولانا یوسف کشمیری، مولانا محمد انور، مولانا عبدالرزاق زاہد سمیت دیگر معروف علمی ہستیاں شامل تھیں ۔

دوران تعلیم آپ نے کراچی کے علاقہ ملیر کی بڑی جامع مسجد میں امامت وخطابت کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔درس نظامی سے فراغت کے بعد دعوت و تبلیغ سے بھی وابستہ رہے۔تعلیمی مراحل سے فراغت کے بعد جامعہ فریدیہ اسلام آباد میں تدریس سے عملی زندگی کا آغاز کیا۔ جب کہ دھمیال کیمپ راولپنڈی میں امامت وخطابت بھی کرتے رہیں،1992ء میں جامعہ دارالعلوم فاروقیہ کی بنیاد رکھی،آپ کی شبانہ روز کی محنت و کاوش سے آپ کا قائم کردہ ادارہ آج ملک کی معروف دینی و تربیتی درسگاہ ہے۔ دوران تعلیمی آپ نے کراچی کے علاقہ ملیر میں امامت و خطابت کی ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔

راولپنڈی واسلام آباد میں جمعیت اہل سنت کے پلیٹ فارم جوڑواں شہروں میں جہاں آپ نے فعال کردار ادا کیا وہیں وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے اولین مسؤل کی حیثیت سے بھی گرانقدر خدمات انجام دیں۔آپ کی فعال کارکردگی پر آپ کو وفاق المدارس العربیہ صوبہ پنجاب کے ناظم کے عہدہ پر منتخب کیا گیا اور پھر مرکزی مجلس عاملہ کے رکن کی حیثیت سے بھی وفاق المدارس میں نمایاں خدمات انجام دیں۔

آپ نے ملکی سطح کئی دینی تنظیموں و تحریکوں میں بھی فعال و متحرک کردار ادا کیا۔ کئی ممالک میں آپ کے دعوتی و اصلاحی حوالہ سے جانا ہوتا۔آپ کے ادارہ دارالعلوم فاروقیہ سے ملکی و بیرون ملک کے ہزاروں افراد نے دینی و علمی فیض حاصل کیا۔مولانا طلحہ رحمانی نے مزید بتایا کہ قاضی عبد الرشید مرحوم کو دل کا عارضہ لاحق تھا،آج بوقت تہجد تکلیف ہوئی مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ رحلت فرما گئے۔ان کے انتقال کی خبر سے ملک بھر کے دینی حلقوں میں فضاء سوگوار ہو گئی۔ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر لیاقت باغ راولپنڈی میں ادا کی جائے گی۔

بعد ازاں جامعہ دارالعلوم فاروقیہ دھمیال کیمپ کے قریب قبرستان میں ان کی اپنے والدین کے پہلو میں تدفین عمل میں لائی جائے گی۔ سوگواران میں بیوہ، چار بیٹیاں اور ایک فرزند مولانا قاضی محمد جنید ہیں۔

اس موقع وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مولانا انوار الحق،ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری، نائب صدور وفاق مولانا عبیداللہ خالد، مولانا سعید یوسف، مولانا سید سلیمان بنوری، صوبائی نظماء مولانا حسین احمد، مولانا امداداللہ یوسف زئی، مولانا صلاح الدین ایوبی،ترجمان مولانا عبد القدوس محمدی، مولانا ظہور احمد علوی، مولانا اشرف علی، مفتی عبدالسلام، مولانا عبدالغفار،مفتی عبدالرحمن سمیت دیگر نے مولانا قاضی عبدالرشید کی رحلت کو ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ مولانا قاضی عبدالرشید ایک متحرک،فعال اور ہردلعزیز رہنماء تھے، جو عمر بھر دینی، تعلیمی اور دعوتی مشاغل میں مصروف عمل رہے ۔ قائدین وفاق المدارس نے کہا کہ مولانا قاضی عبدالرشید کی وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے لیے خدمات ہمشیہ یاد رکھی جائیں گی آپ نے عقیدہ ختم نبوت اور دینی مدارس کے تحفظ کے لیے زندگی بھر جو جہد مسلسل کی،ان کی زندگی نوجوانوں اور پوری قوم کے لیے مشعل راہ ہے ۔

وفاق المدارس کے ناظم اعلی مولانا محمد حنیف جالندھری اور دیگر نے مولانا قاضی عبدالرشید کے صاحبزادہ مولانا قاضی جنید سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے اظہار تعزیت کیا-وفاق المدارس کے قائدین نے ملک بھر کی مساجد و مدارس کے ذمہ داران اور تمام مسلمانوں سے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعاؤں اور اعمال کا اہتمام کرنے کی بھی اپیل کی۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین