جمعہ, ستمبر 13, 2024
صفحہ اولNewsمیٹرک بورڈ کا دہم کے مخصوص طلباء کے نتائج کا اعلان

میٹرک بورڈ کا دہم کے مخصوص طلباء کے نتائج کا اعلان

کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر قائم مقام ناظم امتحانات طارق کریم نے جماعت دہم جنرل گروپ ریگولر و پرائیویٹ اور سماعت و گویائی سے محروم طلباء و طالبات کے سالانہ امتحانات جماعت نہم و دہم برائے سال2024ء کے نتائج کے اجراء کا اعلان کر دیا۔

یہ نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.bsek.edu.pk پر اور بورڈ کے آفیشل واٹس اپ چینل پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اس موقع پر سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ نتائج کو جلد از جلد جاری کرنے میں اساتذہ کرام و بورڈ کے عملے نے شب و روز امور کی انجام دہی کو یقینی بنایا۔

جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانات میں 16384 امیدوار رجسٹرڈ ہوئے اور 16131امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جبکہ 253 امیدوار غیر حاضر رہے، اس سال جنرل گروپ ریگولر میں تینوں پوزیشنیں اقراحفاظ اسکول کی طالبات نے حاصل کیں ۔

نتائج مطابق اقراحفاظ گرلز سیکنڈری اسکول الحمرا سوسائٹی ٹیپو سلطان روڈ کی لائبہ بنت محمد وسیم رول نمبر 552134 نے 88.45 فیصد نمبرحاصل کر کے پہلی،اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول الحمرا سوسائٹی ٹیپو سلطان روڈ کی حبیبہ منیر بنت منیر احمد رو ل نمبر552129 نے 88.18 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ اقرا حفاظ گرلز سیکنڈری اسکول بلاک B نارتھ ناظم آباد کی انشرا بنت محمد توفیق رول نمبر 550770 نے 88.09 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

جنرل گروپ ریگولر میں 10845 امیدوارامتحانات میں شریک ہوئے ہوئے جن میں 2858 طلباء اور 7817 طالبات شامل ہوئے جبکہ کامیابی کا تناسب 62.65 فیصد رہا ۔

کامیاب امیدواروں میں 93 اے ون گریڈ، 846 اے گریڈ، 2085 بی گریڈ، 2581 سی گریڈ، 1056 ڈی گریڈاور 27نے ای گریڈ حاصل کیا۔ اسی طرح پرائیویٹ جنرل گروپ میں 5456 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے، جن میں 3635 طلباء اور 1821 طالبات شامل ہیں ۔ پرائیویٹ گروپ میں کامیابی کا تناسب 51.43 فیصد رہا۔

کامیاب امیدواروں میں 8اے ون گریڈ، 192 اے گریڈ، 789 بی گریڈ، 1268 سی گریڈ، 537 ڈی گریڈ اور 12 نے ای گریڈ حاصل کیا۔ تمام جنرل ریگولر اور پرائیویٹ میں مجموعی کامیابی کا تناسب 58.86 فیصد رہا۔

مزید براَں سماعت و گویائی سے محروم خصوصی طلباء وطالبات میں دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کے امجد اعظم ولد محمد اعظم نے 87.45 فیصد نمبرکے ساتھ پہلی، دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کی مریم بی بی بنت تنویر احمد نے 89.36 فیصد نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ دیوا اکیڈمی فار دی ڈیف گلشن اقبال کے طحہ احمدولدواصل احمد نے 89.00 فیصد نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ۔ یہ تینوں پوزیشنزدیوا اکیڈمی فار دی ڈیف بلاک 3 گلشن اقبال کے طلباء و طالبات نے حاصل کیں۔

متعلقہ خبریں

تبصرہ کریں

مقبول ترین