کراچی : ہفتہ 31 اگست 2024 کو جامعہ کراچی کے استاد اور ممبر سنڈیکیٹ ڈاکٹر ریاض احمد کو جبری طور پر اغوا کر کے مقامی تھانے میں حبس بیجا میں رکھ کر سنڈیکیٹ کے اجلاس میں شرکت سے روکنے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے 2 ستمبر بروز پیر کلاسز کے مکمل بائیکاٹ اور یوم سیاہ کا اعلان کیا ہے۔
انجمن اساتذہ کے مطابق استاد کسی بھی قوم کے معمار اور نظریاتی سرحدوں کے محافظین ہوتے ہیں۔ پاکستان ایک آزاد اسلامی ریاست ہے کہ جہاں پر افراد کو اختلاف رائے کا جمہوری حق حاصل ہے، لیکن اساتذہ کو بھی اس حق سے محروم کرنے کا نتیجہ وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے ایک بہت بڑا خطرہ ثابت ہو گا۔ وہ معاشرے جہاں استاد کی بے توقیری ہو انہیں تباہی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انجمن اساتذہ کے مطابق جامعہ کراچی کے کسی بھی استاد کے ساتھ اس طرح کا طرز عمل کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گا۔
ڈاکٹر ریاض احمد کی بازیابی کے بعد انجمن اساتذہ نے تکلیف کی اس گھڑی میں بھرپور ساتھ دینے پر تمام اساتذہ جامعہ، غیر تدریسی ایسوسی ایشنز، طلبہ کی تنظیموں اسلامی جمعیت طلبہ، کالجز اساتذہ کی نمائندہ تنظیم سپلا، سندھ فپواسا سمیت مختلف شہری آرگنائزیشنز اور سول سوسائٹی کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے انجمن اساتذہ کی کال پر لبیک کہتے ہوئے فوری طور پر ایک استاد کے حق میں اپنے موقف کا اظہار کیا۔انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے 2 ستمبر بروز پیر کو کلاسز کے بائیکاٹ کے ساتھ یوم سیاہ کا بھی اعلان کیا ۔
دوسری جانب انجمن اساتذہ وفاقی اردو یونیورسٹی (عبدالحق کیمپس) نے کراچی یونیورسٹی کے سینئر استاد ڈاکٹر ریاض احمد کو سندھ پولیس کی جانب سے بلا وجہ حبس بے جا میں رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کراچی یونیورسٹی کی انجمن اساتذہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔