کراچی : کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس کی بڑی کامیابی حاصل کی ہے ، ایسے نوسرباز کو گرفتار کیا ہے جو سادہ لوح طلبہ کو لوٹتا تھا اور داخلوں کی مد میں لاکھوں روپے بٹورتا اور غائب ہو جاتا تھا ۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی پی ساؤتھ اور ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کی منظوری سے کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس نے غلام محمد ولد وزیر حسین کو کامیابی کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے، جو طویل عرصے سے مختلف فراڈ اور جعلسازی کے مقدمات میں مفرور اور پولیس کو مطلوب تھا ۔
ملزم کئی سالوں سے پولیس کو مطلوب تھا اور میڈیکل کالجز میں داخلوں ، نشستوں کا جھانسہ دے کر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرتا تھا اور بعد ازاں رقم ہڑپ کر کے فرار ہو جاتا تھا ۔
ملزم کے خلاف سندھ بھر کے مختلف تھانوں میں 6 مقدمات درج ہیں ، جن میں ایف آئی آر نمبر 177/25 تعزیرات پاکستان دفعہ 420، 468 تھانہ کلفٹن ، ایف آئی آر نمبر 58/23 تعزیرات پاکستان دفعہ 489-ایف تھانہ گزری ، ایف آئی آر نمبر 186/24 تعزیرات پاکستان دفعات 365، 506-B، 504، 34 تھانہ شارع فیصل ، ایف آئی آر نمبر 241/23 تعزیرات پاکستان دفعہ 489-ایف تھانہ ٹِپو سلطان ، ایف آئی آر نمبر 27/21 تعزیرات پاکستان دفعات 420، 506-B تھانہ گڈو ضلع کشمور ، ایف آئی آر نمبر 69/25 تعزیرات پاکستان دفعہ 489-ایف تھانہ بی سیکشن ضلع سکھر شامل ہے ۔
گرفتاری کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا ، جہاں سے پولیس نے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے ۔ توقع ہے کہ دورانِ ریمانڈ مزید متاثرین سامنے آئیں گے اور اپنے بیانات ریکارڈ کروائیں گے ۔ کلفٹن انویسٹی گیشن پولیس، ڈی آئی جی پی ساؤتھ اور ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ کی نگرانی میں شہریوں کو یقین دلاتی ہے کہ فراڈ ، جعل سازی اور مالی جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی ۔

