Sunday, December 7, 2025
صفحہ اولNewsپیغام پاکستان کے قومی پیغام امن کمیٹی قائم

پیغام پاکستان کے قومی پیغام امن کمیٹی قائم

کراچی : دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور نفرت انگیزی کے خاتمے کے لیے حکومت نے پیغام پاکستان کے بعد اب قومی پیغام امن کمیٹی کی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ یہ کمیٹی قومی سطح پر بیانیہ تیار کرنے کے لیے کام کرے گی تاکہ ملک میں پائیدار امن، مذہبی ہم آہنگی اور بین المسالک رواداری کو فروغ دیا جا سکے ۔

کمیٹی کے سربراہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ ہوں گے ، جب کہ اس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علما، مشائخ، اقلیتوں کے نمائندگان اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام کو شامل کیا گیا ہے ۔

کمیٹی کے اہم ارکان میں مسلک اہلحدیث سے سینیٹر حافظ عبدالکریم ، دیوبند مکتب فکر سے مفتی عبدالرحیم ، مولانا طاہر محمود اشرفی ، مولانا طیب پنج پیری اور علامہ ضیاء اللہ شاہ بخاری، اہل تشیع سے علامہ عارف حسین واحدی اور علامہ محمد حسین اکبر ، بریلوی مکتب فکر سے پیر نقیب الرحمٰن اور ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ مدارس دینیہ کے امتحانی بورڈز کے نمائندے بھی اس کمیٹی کا حصہ ہونگے ۔

کمیٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی کے لئے بشپ آزاد مارشل ، راجیش کمار ہرداسانی اور سردار رمیش سنگھ اروڑہ شامل ہیں ۔ کمیٹی میں منظور شدہ مدارس بورڈز ، وزارت داخلہ ، وزارت مذہبی امور کے افسران، ڈائریکٹر جنرل مذہبی تعلیمات اور صوبائی و علاقائی کمیٹیوں کے کوآرڈینیٹرز بھی شامل ہوں گے ۔

یہ کمیٹی نہ صرف قومی بیانیہ تشکیل دے گی بلکہ اسے مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں پائیدار امن اور اتحاد کا قیام ہے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق حکومت نے قومی بیانیہ کی تشکیل کے لئے پیغام پاکستان کے نام سے بھی اسی نوعیت کا ایک بیانیہ تشکیل دیا تھا جس کا باقاعدہ کتابچہ شائع کیا گیا تھا جس کو متفقہ فتوی کا عنوان بھی دیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر کے مدارس ، مساجد اور تعلیمی اداروں میں اس کی بھر پور مہم بھی چلائی گئی تھی ۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین