Sunday, November 9, 2025
صفحہ اولNewsگرلز کالج میں خاتون کلرک کو مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا

گرلز کالج میں خاتون کلرک کو مبینہ طور پر ہراسانی کا سامنا

کراچی کے کالج میں ہراسانی کا اسکینڈل سامنے آیا ہے ۔ بااثر کلرک افشاں اقبال پر ساتھی خاتون اہلکار کو ذہنی اذیت دینے کا الزام دیا جا رہا ہے ۔

کراچی: رعنا لیاقت علی خان گورنمنٹ کالج آف ہوم اکنامکس میں مبینہ طور پر ایک سنگین ہراسانی کے واقعے کا انکشاف ہوا ہے، جس میں کالج کی سینئر کلرک افشاں اقبال پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی ساتھی جونیئر کلرک مونا فیصل کو طویل عرصے تک ذہنی اذیت اور دھونس کا نشانہ بنایا۔

ذرائع کے مطابق، مونا فیصل نے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ اور ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی کو دی گئی اپنی تحریری شکایت میں تفصیل سے بیان کیا ہے کہ افشاں اقبال نے اپنی ’اثر و رسوخ‘ کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف انہیں ہراساں کیا بلکہ کالج انتظامیہ کو بھی ان کے خلاف کر دیا۔

شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ سلسلہ دسمبر 2024 میں مونا فیصل کی تعیناتی کے فوراً بعد شروع ہوا۔ مونا کے مطابق، “افشاں اقبال نے میرے کالج جوائن کرنے کے دن سے ہی مجھے ذہنی اذیت دینا شروع کر دی۔” شکایت میں نائب قاصد سائم علی کا بھی ذکر ہے، جس پر الزام ہے کہ وہ گانے گاتا اور غیر مناسب انداز میں خاتون اہلکار کو گھورتا تھا، اور یہ سب افشاں اقبال کی ہدایت پر کیا جاتا تھا۔

شکایت میں الزام لگایا گیا کہ “یہ تمام افراد افشاں اقبال کے کمرے میں بیٹھا کرتے تھے، اور اسی نے انہیں میرے کمرے میں بھیج کر ہراسانی کروائی۔”

مونا فیصل نے مزید دعویٰ کیا کہ کالج کی پرنسپل عذرا فاروقی بھی اس عمل میں بالواسطہ شریک ہیں اور افشاں اقبال کے دباؤ میں آکر فیصلے کرتی ہیں۔ 26 اگست کے ایک واقعے میں مبینہ طور پر صرف مونا فیصل کو غیر حاضری کا نوٹس دیا گیا، جبکہ دو دیگر ملازمین کو افشاں اقبال کی سفارش پر معاف کر دیا گیا۔

شکایت کے مطابق، معاملہ اس وقت شدت اختیار کر گیا جب مونا فیصل کے شوہر نے پرنسپل سے ملاقات کی، لیکن انہوں نے کارروائی کرنے سے انکار کرتے ہوئے الٹا مونا فیصل کے تبادلے کی تجویز دی۔

یہ سارا معاملہ اب ڈائریکٹر جنرل کالجز کے دفتر میں زیرِ تفتیش ہے، جہاں اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ آیا کالج کے اندر کوئی ایسا ’اثر و رسوخ کا نیٹ ورک‘ موجود ہے جو ہراسانی کے واقعات کو دبانے میں کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ تمام الزامات مونا فیصل کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریری شکایت پر مبنی ہیں۔ ذرائع کے مطابق افشان اقبال کے با اثر ہونے کی وجہ سے ڈائریکٹر جنرل کالجز سندھ اور ڈائریکٹر کالجز کراچی اس واقعہ کی تفتیش کرنے سے قاصر ہیں۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین