Sunday, December 7, 2025
صفحہ اولNewsوفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہٹانے کا مطالبہ

وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو ہٹانے کا مطالبہ

کراچی : ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان(ایچ آر سی پی) نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خواتین ملازمین اور طالبات کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں ورک پلیس پر خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ ایکٹ 2010 کو فوری طور پر نافذ کرے۔

جمعہ کو ایچ آر سی پی کراچی کے دفتر میں منعقدہ سول سوسائٹی کے اراکین کے ساتھ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمیشن کے وائس چیئرپرسن قاضی خضر نے اس بات پر گہری تشویش کا اظہار کیا کہ وفاقی اُردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری ہراساں کرنے کے مرتکب پائے جانے کے باوجود اپنے عہدے پر برقرار ہیں۔

قاضی خضر حیات نے کہا کہ سزا یافتہ اہلکار کو عہدے پر رہنے کی اجازت دینا 2010 کے ایکٹ کی واضح خلاف ورزی ہے۔ یہ عمل ہراساں کیے جانے والوں کے لیے ایک پریشان کُن پیغام ہے۔ انہوں نے کہا، “قانون کی اس طرح بے توقیری، تعلیمی اداروں میں خواتین کے اعتماد کو مجروح کرتی ہے اور تعلیمی نظام کی سالمیت کو ختم کرتی ہے”۔

انہوں نے وفاقی محتسب کی جانب سے کارروائی کرنے اور ڈاکٹر شنواری کی سرزنش کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے متعلقہ حکام کو اس اقدام پر عمل کرنا چاہیے۔

اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زُور دیا کہ یونیورسٹیوں میں ہراساں کیے جانے سے ناصرف خواتین پروفیسرز اور لیکچررز کے تحفظ کو خطرہ ہے بلکہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم اور تعلیمی کیریئر حاصل کرنے سے بھی حوصلہ شکنی ہوتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ فیصلہ کُن کارروائی کرنے میں ناکامی استثنیٰ کے کلچر کو قابل بناتی ہے، جہاں طاقت اور پوزیشن مجرموں کو احتساب سے بچاتی ہے۔

ایچ آر سی پی نے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا کہ حکومت کام کی جگہ پر ہراساں کرنے کے قوانین کو بغیر کسی استثنا کے نافذ کرے، یونیورسٹیوں میں آگاہی مہم چلائے اور مؤثر اندرونی انکوائری کمیٹیاں قائم کرے۔ وفاقی اور صوبائی محکمہ تعلیم پر بھی زُور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام تعلیمی ادارے خوف اور دھمکی سے پاک، سیکھنے، مساوات اور احترام کی جگہیں بنیں۔

اجلاس میں مہناز رحمان، شہناز احد، پروفیسر سہیل سانگی، ڈاکٹر توصیف احمد خان، ڈاکٹر سدرہ، روبینہ چانڈیو، سعدیہ بلوچ، نزہت شیریں اور ریجنل کوآرڈینر ایچ آر سی پی ندا تنویر سمیت سول سوسائٹی کے اراکین، اساتذہ، پروفیسرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین