کراچی : وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر نازلی حسین نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے اس جدید دور میں مسابقت میں اضافہ فطری ہے، تاہم لچک، مسلسل محنت اور سیکھنے کا جذبہ ہی انسان کو نئے اور بہتر مواقع کی جانب لے جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس جدوجہد کے دوران انسانی جانوں اور اخلاقی اقدار کی پاسداری ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاؤ یونیورسٹی کے پندرھویں جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے جلسہ تقسیم اسناد کمیٹی کے چئیر پرسن پروفیسر صبا سہیل و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
جب کہ پرو وائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن ،ناظم امتحانات محسنہ زینی، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر عظمیٰ بخاری، بھی موجود تھیں ۔
وائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے مزید کہا کہ ڈاؤ میڈیکل کالج نے حال ہی میں اپنے 80سالہ تعلیمی سفر کی تکمیل کی ہے۔

