کراچی: سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (SHEC) نے صوبے کی تمام سرکاری جامعات کو ہائی کورٹ سندھ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔
کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی فیکلٹی ممبر یا پی ایچ ڈی ہولڈر کو نان ٹیچنگ انتظامی عہدوں پر تعینات کرنا، اضافی چارج دینا، لوک آفٹر یا OPS کی بنیاد پر رکھنا غیر قانونی قرار دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہائی کورٹ سندھ (حیدرآباد سرکٹ) نے C.P No.1757/2024 میں 9 دسمبر 2025ء کو جاری کردہ حکم کے تحت اس نوعیت کی تمام انتظامی ترتیبات کو فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
اس کے ساتھ سپریم کورٹ آف پاکستان کے C.P No.7/2024 کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ خالی انتظامی عہدوں کو قانون کے مطابق باقاعدہ بھرتی کے ذریعے پُر کیا جائے اور اضافی چارج یا OPS جیسی عارضی انتظامات ختم کیے جائیں۔
سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ 8 کام کے دنوں کے اندر جمع کرائی جائے، بصورتِ دیگر متعلقہ یونیورسٹی کسی بھی قانونی نتائج کی خود ذمہ دار ہو گی۔

