ہری پور : خیبر پختونخوا میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اہم اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی کی زیر صدارت محکمہ اعلیٰ تعلیم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ، جس میں تعلیمی اصلاحات، طلبہ فلاحی منصوبوں اور جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ انصاف فیمیل اور آرپن ایجوکیشن کارڈ کے تحت اب تک 55 ہزار سے زائد طلبہ مستفید ہو چکے ہیں۔ جامعات کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں ، جن میں سے دو مراحل میں 6.5 ارب روپے جاری کیے جا چکے ہیں ۔
ڈگری کالجز میں بھرتیوں کے لیے 2110 آسامیاں مشتہر کی گئی ہیں ۔ جب کہ نوجوانوں کے لیے روزگار میلوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ مزید براں صوبے بھر کی عوامی لائبریریز کو جدید بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے کہا کہ حکومت معیاری تعلیم، شفاف نظام اور طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور اس سلسلے میں مسلسل اصلاحات جاری ہیں۔

