کراچی : ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں 21 جنوری بروز بدھ کو کانفرنس ہال میں ہفتہء طلبہ کے سلسلے میں اردو تقریری مقابلہ ہوا جس کا موضوع تھا ”مصنوعی ذہانت، اندیشے اور خطرات“ اور ” ٹیکنالوجی کا غلبہ اور نئی نسل“ اس مقابلے میں سرکاری اور نجی اسکولوں کے 150 سے زائد طلباو طالبات نے حصہ لیا۔
چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو نے کہا کہ تمام طلباء و طالبات ہمارے مستقبل کے روشن معمار ہیں ۔ انہوں نے اس موضوع پر بڑے اعتماد کے ساتھ اظہار خیال کیا ۔ مجھے امید ہے کہ آپ مستقبل میں بھی انٹر بورڈ مقابلوں میں شرکت کریں گے اور اپنی عملی زندگی میں بھی اسی خود اعتمادی اور عزم کا مظاہرہ کریں گے۔
مہمان خصوصی علامہ ضیاء شاہد مدنی نے خصوصی شرکت کی ۔ سیکریٹری بورڈ ڈاکٹر نوید احمد نے کہا کہ مقابلہ جات سے طلباء میں خود اعتمادی پیدا ہوتی ہے، علامہ شاہد مدنی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء میں وطن کی محبت اجاگر کرنے کیلئے ایسے مقابلے کا انعقاد ضروری ہے ۔
چیئرمین بورڈ نے مزید کہا کہ بورڈ کا ریسرچ سیکشن ہفتہء طلبہ کے انعقاد میں اپنی بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے طلباء و طالبات، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نئی نسل میں آگے بڑھنے کی بڑی صلاحیت ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر رخسانہ صبا،پروفیسر رخسانہ نازعنبرین اور ڈاکٹر سعید احمد صدیقی نے منصفین کے فرائض انجام دیئے جب کہ نظامت کے فرائض محمد ریحان صدیقی نے ادا کئے۔
طالبات میں پہلی پوزیشن ڈی ایچ اے سی ایس ایس بیچ ویو کیمپس کے عبدالاحد، دوسری پوزیشن قائد اعظم رینجرز سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آباد کی زہرہ بتول جب کہ تیسری پوزیشن ایچ اے ستار تعمیر ملت اسکول اورنگی ٹاؤن کی حذیفہ سلطان نے حاصل کی۔ چیئرمین بورڈ غلام حسین سوہو کی خصوصی ہدایت پر مقابلوں جات میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات میں کتابوں کا تحفہ بھی پیش کیا ۔

