کراچی : انٹر میڈیٹ بورڈ کراچی نے فیل طلبہ و طالبات کیلئے بہترین اعلان کر دیا ہے ۔ 28 فروری تک بغیر لیٹ فیس کے فارم جمع کرائے جا سکیں گے ۔
تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے چیئرمین فقیر محمد لاکھو کی ہدایت پر انٹرمیڈیٹ حصہ دوم اور حصہ اول و دوم باہم کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء میں شرکت کے خواہش مند کامرس اورآرٹس گروپس (فریش اینڈ فیلیئر) کے پرائیویٹ امیدواروں بشمول امپروومنٹ آف مارکس/گریڈ، بینیفٹ کیسز، ایڈیشنل سبجیکٹس، شارٹ سبجیکٹس اور ٹی پی (ٹوٹل پیپرز) کے امیدواروں کیلئے بروز بدھ 28 جنوری سے بروز پیر 23 فروری 2026ء تک بغیر لیٹ فیس کے امتحانی فارم جمع کروانے کی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔
یاد رہے IBCC اور BOG کے اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق امیدوار چار سال تک امپروومنٹ آف ڈویژن کے چانس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ایسے امیدوار جو درج بالا تاریخوں میں امتحانی فارم جمع نہیں کروا سکیں وہ 500 روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 24 فروری سے بروز پیر 9 مارچ 2026ء تک جبکہ 1000 روپے لیٹ فیس کے ساتھ بروز منگل 10 مارچ سے 31 مارچ 2026 ء تک اپنے امتحانی فارم جمع کروا سکتے ہیں۔
امتحانات میں شرکت کے خواہشمند امیدوار امتحانی فارم اور فیس واؤچربورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.biek.edu.pk سے ڈاؤن لوڈ کر کے مکمل طور پر بھر کر 17یا زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر سے تصدیق کروائیں۔
تصدیق شدہ فارم کے ساتھ ضروری دستاویزات منسلک کریں اور یو بی ایل کی کسی بھی برانچ میں اکاؤنٹ نمبر UBL-CMA-252536591 میں فیس جمع کروائیں۔ طلباء جمع کرائی گئی فیس کا واؤچر اور اپنا امتحانی فارم شیڈول کے مطابق دی گئی تاریخوں میں بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن میں جمع کروانے کے پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کا فارم قبول نہیں کیا جائے گا اور فیس ضبط کر لی جائے گی۔
امتحانی فام کیساتھ انٹرمیڈیٹ حصہ اول یا پچھلی مارکس شیٹ کی کاپی، میٹرک کے سرٹیفکیٹ یا مارکس شیٹ کی کاپی، رجسٹریشن کارڈ کی فوٹو کاپی یا رجسٹریشن فارم جمع کروانے کی سلپ لازمی منسلک کرنا ہوگی

