کراچی : کراچی یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن موجودہ بین الاقوامی صورتحال کے تناظر میں ایران پر ہونے والے حالیہ حملوں اور ان کے نتیجے میں معصوم شہریوں کی قیمتی جانوں کے ضیاع پر انتہائی تشویش، رنج اور شدید مذمت کا اظہار کرتی ہے۔
بے گناہ انسانوں کا قتلِ عام نہ صرف انسانی اقدار، بین الاقوامی قوانین اور اخلاقی اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عمل خطے کے امن، استحکام اور عالمی سلامتی کے لیے بھی نہایت سنگین اور دور رس خطرات کا موجب ہے۔
اسی تسلسل میں، کراچی میں امریکن قونصلیٹ کے سامنے ہونے والے احتجاج کے دوران فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع، بالخصوص جامعہ کراچی کے دو طلبہ کی شہادت کی اطلاعات نے جامعہ کراچی کی پوری برادری اساتذہ، افسران اور طلبہ کو شدید غم، صدمے اور اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔
کراچی یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن اس دل خراش سانحے پر شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور مخلصانہ ہمدردی کا اظہار کرتی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
ایسوسی ایشن اس امر پر زور دیتی ہے کہ اس واقعے کی جامع، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے، ذمہ دار عناصر کی نشاندہی کی جائے اور انہیں قانون کے مطابق جوابدہ ٹھہرایا جائے، تاکہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی مؤثر روک تھام ممکن ہو سکے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ تمام شہداء کے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرِ جمیل اور حوصلہ عطا کرے، ہمارے وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور سلامتی سے ہمکنار فرمائے اور امتِ مسلمہ کے مابین اتحاد، اتفاق اور یگانگت کو فروغ دے۔ آمین

