کراچی : پاکستان میں اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے نمائندے فواد پاشایف نے بدھ کی شام جامعہ کراچی کے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی اور حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کا دورہ کیا۔
آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر اور یونیسکو چیئر ہولڈر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ نے معزز مہمان کابین الاقوامی مرکز آمد پر پُرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران فوادپاشایف اورپروفیسر محمد رضا شاہ کے درمیان آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی میں قائم یونیسکو چیئر برائے میڈیسنل اینڈ بایو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یونیسکو کے نمائندے نے ادارے کے دورے کے موقع کو سراہتے ہوئے یہاں موجود جدید ترین تحقیقی سہولیات کی تعریف کی۔
اس سے قبل پروفیسر ڈاکٹر رضا شاہ نے آئی سی سی بی ایس جامعہ کراچی کے قیام، ترقی اور خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی، خصوصاً مالیکیولر میڈیسن، ادویاتی تحقیق اور فرانزک سائنس کے شعبوں میں مرکز کے کردار کو اجاگر کیا۔
یونیسکو چیئر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام بین الاقوامی جامعات کے مابین تعاون اور روابط کو فروغ دیتا ہے جس کے ذریعے علم کے تبادلے اور مشترکہ تحقیق سے ادارہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیسنل اور بایو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری کے شعبے میں یہ بین الاقوامی یونیسکو چیئر پاکستان کو اس اہم تحقیقی میدان میں مرکزِ امتیاز بنانے اور اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جی) کے حصول میں مدد دے گی۔ دورے کے اختتام پر یونیسکو کے نمائندے نے سائنسی تعاون اور استعداد کار میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔

