کراچی : انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق تعلیمی سال 2023 ء کے لئے مخصوص نشستوں (Reserved Seats)پر داخلوں کے لئے فارم 21 دسمبر2022 ء تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
مخصوص نشستوں میں اسپورٹس، کراچی یونیورسٹی ایمپلائز، معذور افراد ( اسپیشل پرسنز)، آرمڈ فورسز، وکلا کے بچے، فاٹا، شمالی علاقہ جات و آزاد جموں کشمیر، اندرون سندھ اور بلوچستان کی نشستیں شامل ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم، فیس واؤچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پر رابطہ کر سکتے ہیں، جہاں تمام معلومات موجود ہیں۔
داخلہ فارم کی پروسیسنگ فیس 2000 روپے کا واؤچر جمع کرانے کے بعد آن لائن داخلہ فارم جمع کرایا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتا ہے،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کر سکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔ داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔