کراچی : علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (AIT) میں شعبہء سافٹ ویئر اور سی آئی ٹی کے زیرِ اہتمام ورچوئل رئیلٹی (VR) پر ایک جامع، عملی اور پُراثر سیمینار منعقد کیا گیا۔ یہ سیشن معروف آئی ٹی کمپنی آؤٹ ٹو سول (Out2Sol) کی جانب سے بوٹ کیمپ کے طور پر پیش کیا گیا، جس میں طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے عملی طور پر روشناس کرایا گیا۔
مہمان اسپیکر اور وی آر ایکسپرٹ وقاص احمد نے وی آر کی تعریف، اس کے تکنیکی پہلوؤں، مارکیٹ گروتھ اور 2030 تک تقریباً 44 بلین ڈالر تک پہنچنے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یونٹی، سی شارپ (C#)، پلگ اِنز اور دیگر ٹولز کے ذریعے کس طرح وی آر گیمز اور ایپلیکیشنز تیار کی جا سکتی ہیں۔ طلبہ کو عملی طور پر وی آر ہیڈسیٹ کے ذریعے تھری ڈی اینیمیشن، موونگ آبجیکٹس اور مکمل ورچوئل ماحول کا تجربہ بھی کروایا گیا، جس نے سیکھنے کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا۔
پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ شاہد جمیل نے اس موقع پر کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ورچوئل رئیلٹی مستقبل کی وہ ٹیکنالوجیز ہیں جو تعلیم، صنعت اور معیشت کا رخ تبدیل کر دیں گی۔ ہمارا مقصد ہے کہ ہم اپنے طلبہ کو جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی مہارتوں سے آراستہ کریں تاکہ وہ عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکیں۔
کنوینر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ سید محمد محسن کاظم نے کہا، “آنے والے دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور ورچوئل ریئلٹی ہر شعبے میں بنیادی ضرورت بن جائیں گے۔ ایسے سیمینارز طلبہ کو نہ صرف تکنیکی علم دیتے ہیں بلکہ ان میں تخلیقی سوچ اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کرتے ہیں۔”
طلبہ کے مطابق یہ ایک “بالکل نئی اور حقیقی محسوس ہونے والی دنیا” کا تجربہ تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس سیشن سے نہ صرف پروگرامنگ اور بیک اینڈ سسٹم کی سمجھ آئی بلکہ کیریئر کے نئے راستے بھی واضح ہوئے۔
ورچوئل رئیلٹی کے فوائد میں محفوظ ماحول میں پریکٹس، کم لاگت ٹریننگ، بہتر سیکھنے کی صلاحیت، حقیقی حالات کی فرضی مشق اور وقت کی بچت شامل ہیں۔ مستقبل میں وی آر صحت کے شعبے میں سرجری ٹریننگ، ایمرجنسی ریسپانس، تعلیم میں ورچوئل کلاس رومز، انجینئرنگ ڈیزائن، انٹیریئر ڈیزائننگ، رئیل اسٹیٹ وزٹ، ملٹری ٹریننگ اور کارپوریٹ اسکل ڈیولپمنٹ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر علیگڑھ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی جانب سے مہمان وفد کو شیلڈ اور تعریفی سند پیش کی گئی۔ پرنسپل علیگڑھ انسٹیٹیوٹ شاہد جمیل کی سربراہی میں شعبہ سی آئی ٹی کے سربراہ محمد ساجد اور شعبہ سافٹ ویئر کی سربراہ تسنیم آرزو نے اس کامیاب ایونٹ کا انعقاد کیا انہوں نے آئندہ سائبر سیکیورٹی اور میڈیا سائنس اور دیگر ٹیکنالوجیز کے متعلق بھی اسی طرح کے مزید ایونٹس منعقد کرنے کا ارادہ کیا۔

