کراچی : سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (سپلا) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے مرکزی صدر منور عباس اور صد کراچی ریجن پروفیسر آصف منیر کی قیادت میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو سے ان کے دفتر میں تفصیلی ملاقات کی۔
ملاقات میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2026ء کے شفاف، منظم اور بلاتعطل انعقاد کے حوالے سے جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے وفد کو امتحانی نظام میں اصلاحات، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور انٹر بورڈ کراچی کو ایک ماڈل ادارہ بنانے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ای مارکنگ، او ایم آر سسٹم، نگرانی کے مؤثر میکنزم جیسے اقدامات کو مزید مستحکم کیا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو صاف اور میرٹ پر مبنی نتائج فراہم کیے جا سکیں۔وفد نے امتحانی نظام میں جدت اور شفافیت کے فروغ کے لیے چیئرمین کے وژن اور عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
سپلا کے نمائندگان نے اساتذہ، پیپر سیٹرز، سینٹر کنٹرولنگ آفیسرز (CCOs)، ویجی لینس آفیسرز، سپر ویجی لینس آفیسرز اور امتحانی مراکز سے وابستہ دیگر عملے کے بقایا جات کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو کی۔ چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ اساتذہ اور امتحانی عملے کے بقایا جات کی ادائیگی کے لیے 90 فیصد چیکس تیار کیے جا چکے ہیں اور انشاء اللہ 20 مارچ سے قبل تمام واجبات ادا کر دیئے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اساتذہ کی محنت اور خدمات کا بروقت معاوضہ بورڈ کی اولین ترجیح ہے۔ صدر سپلا کراچی ریجن آصف منیر نے بقایا جات کی جلد ادائیگی کے اعلان پر تمام اساتذہ کی جانب سے چیئرمین انٹربورڈ کراچی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس اقدام سے اساتذہ میں اعتماد اور حوصلہ افزائی پیدا ہو گی۔
چیئرمین انٹربورڈ نے بتایا کہ ای آنسر اسکرپٹس اور روبریکس بھی جلد ہی بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ ڈیٹ کرلیے جائیں گے۔ ملاقات میں یہ بھی طے پایا کہ سپلا کے نمائندگان ہر ہفتے چیئرمین انٹربورڈ کراچی سے باقاعدہ ملاقات کریں گے، جس میں اساتذہ اور طلبہ کو درپیش مسائل، امتحانی امور، اور نظام میں مزید بہتری کے اقدامات پر مسلسل مشاورت کی جائے گی تاکہ ایک مربوط اور مؤثر امتحانی ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے امتحانات میں فرائض انجام دینے والے ان اساتذہ کو ہدایت کی کہ جنہوں نے تاحال اپنے بل جمع نہیں کروائے وہ فوری طور پر اپنے بل جمع کرا دیں تاکہ ادائیگی کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے بالخصوص ای مارکنگ سے وابستہ اساتذہ کو بھی تاکید کی کہ وہ اپنے واجبات کے بل جلد از جلد متعلقہ شعبہ میں جمع کرائیں۔
سپلا کے وفد میں سینئر نائب صدر سندھ محمد عدیل، سینئر نائب صدر کراچی ریجن آصف منیر اور جنرل سیکرٹری سپلا کراچی ریجن نہال اختر، ایڈیشنل سیکرٹری کراچی ریجن پروفیسر جمال، فائنانس سیکرٹری کراچی ریجن پروفیسر عدنان اللہ خان اور صدر ڈسٹرکٹ ایسٹ پروفیسر مقبول میمن شامل تھے۔

