کراچی : (رپورٹ : سید محمود اللہ ) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت گیارہویں و بارہویں پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس کے امتحانات 25 اپریل سے متوقع ہیں۔ 10پرچہ جات ای مارکنگ کے تحت لیے جائیں گے۔ جوابی کاپی پر 2بارکوڈ اور 1کیو آر کوڈ ہونگے۔ تمام نتائج ماہ ستمبر میں مکمل کر لئے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے اپنے آفس میں میڈیا نمائندہ سے گفتگو کے دوران کیا۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ فقیر محمد لاکھو کا کہنا تھا کہ امتحانات 2026ء کی مکمل تیاری ہے۔ پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور جنرل سائنس کے امتحانات 25 اپریل متوقع ہیں جس میں 3 لاکھ 22 ہزار سے زائد امیدوار شریک ہونگے اگر کوئی غیر معمولی حالات پیدا نہیں ہوتے تو امتحانات وقت پر شروع کئے جائیں اور وقت پر اختتام پذیر ہونگے۔ سال اول میں 1 لاکھ 36 ہزار 8 سو اور سال دوئم میں 1 لاکھ 86 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات دیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 10 پرچہ جات ای مارکنگ کے تحت لیے جائیں گے جن میں پری میڈیکل سال اول کے فزکس، کیمسٹری، بوٹنی و زولوجی، پری انجینئرنگ سال اول کے ریاضی، فزکس، کیمسٹری اور جنرل سائنس گروپ کے ریاضی سال اول و دوئم، فزکس سال اول اور کمپیوٹر سائنس سال اول کے پرچہ جات شامل ہیں۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایاکہ کمرہ امتحان میں امیدوار کی شناخت کے لیے ایپ متعارف کروارہے ہیں۔ کمرہ امتحان میں موجودممتحن ایپ کے ذریعہ ایڈمٹ کارڈ کی تصویر کھینچے گا تو اُس کی حاضری براہ راست تعلیمی بورڈ میں لگ جائے گی اور فوری طور پر اصل امیدوار کی شناخت بھی ہوجائے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کا کہنا تھا کہ امتحانی پرچہ پر ہر سینٹر کا واٹر مارک ہوگا جس سینٹر سے امتحانی پرچہ لیک ہوگا پتہ چل جائے گا اور جوابی کاپ پر بھی 2بار کوڈ اور 1کیو آرکوڈ ہونگے، ان تمام اقدامات کی وجہ امتحانی عمل کو شفاف اور غیر جانبدار بنانا ہے۔

