Sunday, March 1, 2026
صفحہ اولNewsدعوت اسلامی کے پروجیکٹ میں شامل اہم کردار بے نامی کمپنیوں کے...

دعوت اسلامی کے پروجیکٹ میں شامل اہم کردار بے نامی کمپنیوں کے ذریعے ٹیکس چوری میں ملوث

کراچی : بھاری بھر کم تنخواہ لینے والے سی ای او اور ڈائریکٹر سطح کے افسران نیٹ ورک کا مرکزی کردار ہیں ، کرپشن پر نکالے گئے شخص کی مدد سے ٹیکس چوری ٹیکس چوری کیا جاتا ہے ۔

دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے تحت تنظیم کے اسکولوں کے لئے شائع کردہ کاپیوں میں مخصوص کمپنی کو ٹھیکہ جاری کر کے ایڈوانس ادائیگیاں بھی کر دی گئیں ، کمپنی کو جاری کیش کے چیکس کا مبینہ طور پر نیٹ ورک سامنے آیا ہے جو عزیز و اقارب کے بینک اکائونٹس میں منتقل کیئے گئے ہیں ۔

دعوت اسلامی کیا ہے ؟

دعوتِ اسلامی پاکستان سے شروع ہونے والی ایک غیر سیاسی، عالمگیر اسلامی تبلیغی تحریک ہے، جس کی بنیاد 1981ء میں مولانا محمد الیاس عطار قادری نے رکھی۔ اس کا بنیادی مقصد قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنا اور امتِ مسلمہ کی اصلاح کرنا ہے۔ یہ تنظیم 100 سے زائد شعبہ جات (تعلیم، مدارس، میڈیا) کے ذریعے 200 سے زائد ممالک میں فعال ہے۔ اسی دعوت اسلامی کا ایک پروجیکٹ دارالمدینہ انٹرنیشنل سکولنگ سسٹم ہے۔ جس کے تحت دنیا کے 7 ممالک میں 140 اسکولوں میں بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ۔تمام منصوبوں کی نگرانی کیلئے دعوت اسلامی کا شورائی نظام موجود ہے ۔ جس کے ماتحت پروجیکٹس کے لئے سی ای او ، ڈائریکٹرز وغیرہ مقرر کر رکھے ہیں جن کو بھاری بھرکم تنخواہیں اور مراعات دی جاتی ہیں تاکہ وہ مالی بے ضابطگیوں سے بچیں اور ادارے کے لئےمخلص اور یکسو ہو کر کام کریں ۔دعوت اسلامی کا دارالمدینہ انٹرنیشنل سکولنگ سسٹم دارالمدینہ ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ماتحت ہے۔ جس کیلئے آڈٹ کا نظام بھی فعال ہے ۔

پونے دو کروڑ کی کاپیاں شائع کرائی گئی

دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کی جانب سے 16 دسمبر 2025 کو پروجیکٹ 102 شروع کیا گیا جس کے لئے وینڈرز سے اردو ، انگریزی ، ریاضی اور ہوم ورک ڈائری شائع کرنے کیلئے کوٹیشن طلب کی گئیں ۔ اردو کیلئے 160 صفحات کی سنگل لائن کی 90 ہزار کاپیاں ، انگریزی کے لئے سرخ اور نیلی رنگت کی چار لائینوں والی 160 صفحات کی 25 ہزار کاپیاں ، ریاضی کیلئے درمیانے سائز کی 160 صفحات پر مشتمل 10 ہزار کاپیاں اور 152 صفحات پرمشتمل 16 ہزار ہوم ورک ڈائریوں کے لئے وینڈرز نے کوٹیشن ارسال کر دیں ۔

کوٹیشن دینے والوں میں DEPTH PUBLISHER، فیضان سیفی بک بائنڈر ، رضا کاپی ہائوس پنجاب سمیت دیگر نے ریٹ جاری کئے۔ جس میں دیگر چند کی طرح رضا کاپی ہائوس نے فی کاپی کے ریٹ 90 اور ڈائری کے ریٹ 105 روپے دیئے ، فیضان سیفی بک بائنڈر نے 98 روپے فی کاپی اور ڈائری کے ریٹ 105 روپے جبکہ DEPTH پبلشرنے کاپی کے ریٹ 94 روپے اور ڈائری کے ریٹ 106 روپے دیئے ۔بولی میں فیضان سیفی بک بائنڈر اور رضا کاپی ہائوس پنجاب نے اپنی بولی میں انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس بشمول ڈلیوری کے شامل کر کے ریٹ دیئے ۔ جب کہ DEPTH پبلشر نے بغیر ٹیکس کٹوتی اور ٹیکس ادائیگی کے ریٹ جاری کیئے جو ٹیکس رولز اور پیپرا اور سیپرا رولز کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ان کوٹیشنز میں سیلز ٹیکس اور انکم ٹیکس چھپانے والے DEPTH پبلشرز کو ٹھیکہ دے دیا گیا ۔جہاں سے کرپشن کا ایک وسیع سلسلہ شروع ہوتا ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر کی اصل کہانی

دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے کاغذات اور ٹھیکوں کی فائلوں میں مذکورہ کمپنی DEPTH پبلشر کا نام پہلی بار سامنے آیا ہے تاہم اس کمپنی کے ڈائریکٹر محمد اویس معیاری کا نام دارالمدینہ سکولنگ سسٹم میں پہلے سے شناسا ہے۔ محمد اویس معیاری ماضی میں دعوت اسلامی کے اسی اسکول پروجیکٹ DMIUP کا حصہ تھے جنہیں مبینہ طور پر مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں کمپنی سے نکالا گیا تھا ۔جس کے بعد DEPTH پبلشر کا وجود سامنے آیا ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر اصل میں پبلشر ہے ہی نہیں جس کے باوجود اسے ٹھیکہ دیا گیا ۔

ڈیپتھ پبلشر یہ ٹھیکہ لینے کے بعد ٹیکس چوری کے مرتکب بھی ہوئی اور ٹیکس چوری کی سہولت کار بھی بنی ہے۔

ڈیپتھ پبلشر کو DMIUP انتظامیہ نے دعوت اسلامی کی روایات کے برعکس ایڈوانس میں 70 فیصد ادائیگیاں بھی کر دی گئیں ۔

ڈیپتھ پبلشر کو جاری ہونے والے 94 لاکھ روپے کے چیک بغیر نام کے اوپن، کراس چیک دیئے گئے جو ٹینڈر کے اصولوں کے خلاف ہیں ۔یہی چیک ٹیکس چوری کا ذریعہ بھی بنے ہیں ۔

ڈیپتھ پبلشر کی جانب سے دی گئی کوٹیشن اور ورک آرڈر پر دفتر کا کوئی ایڈریس دیا ہی نہیں گیا جبکہ کمپنی کا کاغذات کے علاوہ کوئی وجود ہی نہیں ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر نے اپنی کوٹیشن میں ایک جگہ اپنا نام DEPTH پبلی کیشن اور اسی صفحہ میں DEPTH پبلشر لکھا ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر کے ڈائریکٹر محمد اویس معیاری کے نام پر زونگ کمپنی کی 40 سے زائد موبائل فون سیمیں رجسٹرڈ ہیں ۔

ڈیپتھ پبلشر کے زیر استعمال فون نمبر 2018 سے قائم ڈائریکشن اسکول کے سلسلے میں بھی درج ہے جب کہ سوشل میڈیا پر DEPTH پبلشر اور ڈائریکشن اسکول کی پروموشن میں لگائے گئے لوگو اور درج فون نمبر بھی بسا اوقات ایک ہی استعمال کیا گیا ہے ۔

ڈیپتھ پبلی کیشن FBR کے ریجنل ٹیکس آفس 2 میں 24 جولائی 2023 کو رجسٹرڈ ہوا جس پر درج پتہ پلاٹ نمبر B-15،بلاک 11، فیڈرل بی ایریا ،گلبرگ ٹائون درج ہے ،تاہم اس ایڈریس پرکوئی بھی دفتر موجود نہیں ہے البتہ خستہ حال پرانا گھر ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر کے ڈائریکٹر محمد اویس کے موبائل نمبر پر درج دوسری کمپنی ڈائریکشن اسکول FBR کے ریجنل ٹیکس آفس 2 کراچی میں 8 اگست 2018 کو رجسٹرڈ ہوا ،جس پر آفس نمبر C-4، تیسری منزل ، اوسیف سینٹر ، گلشن اقبال 13 اے ، مین یونیورسٹی روڈ گلشن ٹائون کراچی کا پتہ درج ہے ۔اس جگہ پر دفتر موجود ہے لیکن ڈائریکشن اسکول نہیں ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر کے ڈائریکٹر محمد اویس FBR میں ریجنل ٹیکس آفس 2 کراچی میں 26 نومبر 2019 کو رجسٹرڈ ہوئے ، جہاں پر مکان نمبر 1361، وی ٹو ،امینہ منزل ،عزیز آباد نمبر 2، فیڈرل بی ایریا بلاک تھری کراچی گلبرگ ٹائون کا پتہ درج ہے ۔تاہم اس جگہ پر پورشن نما گھر ہیں مگر امینہ منزل کے نام سے جگہ موجود نہیں ہے ۔

ڈیپتھ پبلشر کو سہولت کیسے دی گئی ؟

فیضان سیفی بک بائنڈرکادفتر واقع فیڈرل بی ایریا ،بلاک 2، بھگوریہ گوٹھ میں پلاٹ 285 میں قائم ہے ۔ جس کے مالک فیضان سیفی نے بتایا کہ وہ حال ہی میں اس جگہ ہر شفٹ ہوئے ہیں ، اس سے قبل وہ برنس روڈ پر کام کرتے تھے، وہ دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے ریگولر وینڈر ہیں ، تاہم اس بار ان کے ریٹ سستے ہونے کے باوجود انہیں ٹینڈر سے بغیر وجہ بتائے دور رکھا گیا ۔جب انہیں یہ معلوم ہوا کہ اس ٹھیکہ میں DEPTH پبلشر کو 70 فیصد ایڈوانس ادائیگی کی گئی ہے تو انہوں نے انتظامیہ کو کہا کہ وہ 70 فیصد ایڈوانس ادائیگی پر اپنے ریٹ میں 6 روپے فی کاپی کم کر سکتے ہیں ۔کیوں کہ ماضی میں جتنے بھی ٹینڈر فیضان سیفی کو ملے ہیں اس میں فائنل رقم کی ادائیگی ڈیلیوری کے 15 روز بعد کی جاتی رہی ہے جبکہ پہلی بار DEPTH پبلشر کو ٹینڈر بھی ملا اور نوازشات کی بارش کرتے ہوئے 70 فیصد ایڈوانس رقم دی گئی ، بقیہ رقم ڈیلیوری کے وقت دینے کا اعلان کیا گیا اور انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس سے بھی کمپنی کو بچایا گیا ۔

ڈیپتھ پبلشر کے سہولت کار کون ہیں ؟

دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے ہیڈ آفس گلشن اقبال میں جانے پر اس کمپنی کے سی ای او ڈاکٹر دانش اقبال گوڈیل اور ڈائریکٹر ایجوکیشن سہیل اور سی ای او فیضان اسلامک سکول زبیر مدنی سے ملاقات ہوئی ، جنہوں نے اپنا موقف دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آپ لوگوں نے بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور ہمارے انتطامیہ اور دارالافتا کے رکن مفتی کفیل کو بھی بتایا ہے ، جب تک آپ لوگ ہمیں ثبوت نہیں دیکھائیں گے یا یہ نہیں بتائیں گے کہ آپ کو معلومات کس نے دی ہیں تب تک ہم موقف نہیں دینگے ۔ان سے سوال کیا گیا کہ DEPTH پبلشر کو اس سے قبل کتنے ٹھیکے دیئے گئے ،جس پران کا جواب تھا کہ ہم نہیں بتا سکتے ۔مذید سوال کیا گیا کہ ٹینڈر جیتنے والے DEPTH پبلشر کو 70 فیصد ایڈوانس کی صورت میں جاری ہونے والے یونائٹیڈ بینک لمٹیڈ ایم اے جناح روڈ کراچی کے 4 چیک بغیر نام کے کیوں جاری کیئے گئے جس کےجواب میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ یہ ہم آپ کو کیوں بتائیں ۔

واضح رہے کہ دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کے سی ای او ڈاکٹر دانش اقبال گوڈیل کو کمپنی 8 لاکھ روپے کی خطیر رقم ماہانہ تنخواہ کی صورت میں ادا کرتی ہے ۔جب کہ DEPTH پبلشر ڈائریکٹر محمد اویس معیاری کو اسی کمپنی نے مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں ملازمت سے نکالا تھا اور پھر اسی انتطامیہ نے اسے نوازہ بھی ہے ۔

اسی کمپنی کے سی ای او فیضان اسلامک سکول زبیر مدنی بھی بھاری بھرکم تنخواہ وصول کرتے ہیں جس کے علاوہ وہ خود صاحب ثروت بھی ہو چکے ہیں ۔ زبیر مدنی دو اسکولوں روٹس اینڈ ونگز کے پاٹنر بھی ہیں ۔ اس کے علاوہ وہ سولر پینل کی کمپنی میں بھی حصہ دار ہیں ۔زبیر مدنی کے والد کا بلدیہ ٹائون میں جوس کا کاروبار بھی ہے جو PSQCA میں رجسٹرڈ و سرٹیفائیڈ نہیں ہے ۔ اس کے علاوہ زبیر مدنی نے نوکری کے ساتھ ساتھ بہت تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ایک ٹریول ایجنسی بھی قائم کی ہے جس میں وہ اسلامی بھائیوں کو عمرے پر لیکر جاتے ہیں ۔ زبیر مدنی سے اس بابت جب سوال کیئے گئے تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ۔

ادھر معلوم ہوا ہے کہ دارالمدینہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پریس کی جانب سے محمد اویس کو دیئے گئے چار کیش کے چیک DEPTH پبلشر کے بجائے 27 جنوری 2026 کو حمزہ توفیق اور خدیجہ ٹریڈرز کے اکائونٹ میں منتقل کئے گئے ہیں ۔ اس حوالے سے محمد اویس معیاری اور ڈاکٹر دانش اقبال گوڈیل سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا ۔

معلوم ہوا ہے کہ اس حوالے سے بہت جلد دعوت اسلامی کے اوپر حلقوں میں آڈٹ بھی ہو گا اور ایف بی آر ، ایس بی آر میں بھی انکوائری شروع ہونے والی ہیں ۔ جس کے بعد ممکنہ طور پر دعوت اسلامی کی جانب سے مذکورہ عہدوں پر بیٹھے افراد کے خلاف کارروائی کا بھی امکان ہے کیوں کہ دعو ت اسلامی شفافیت اور ایمانداری سے کام کرنے کو ترجیع دیتی ہے ـ

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین