Thursday, February 26, 2026
صفحہ اولNewsداؤد یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 192...

داؤد یونیورسٹی میں وزیر اعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت 192 طلباء میں لیپ ٹاپ تقسیم

کراچی : داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے تحت جاری وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کی تقریبِ تقسیم کا انعقاد یونیورسٹی آڈیٹوریم میں کیا گیا، جس میں مجموعی طور پر 192 انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔

ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکورٹی کے زیر اہتمام تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ پروفیسر ڈاکٹر ایس ایم طارق رفیع (تمغہ امتیاز) تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم کو نوجوانوں کیلئے ایک انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان، سندھ حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نوجوانوں میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن طلبہ کو لیپ ٹاپ ملے ہیں وہ انتہائی خوش نصیب ہیں کیونکہ یہ سہولت انہیں جدید تحقیق، آن لائن لرننگ اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھنے کے بے شمار مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کا امتزاج ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر ثمرین حسین (ستارہ امتیاز، تمغہ امتیاز) نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرکے نوجوانوں کیلئے بڑی آسانیاں پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک و قوم کی خدمت کریں۔

انہوں نے خصوصی طور پر طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبے میں لڑکیوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں رہ سکتیں۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ زندگی میں توازن قائم رکھیں، اپنی شناخت مضبوط بنائیں اور اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا جبکہ قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔ بعد ازاں مہمانِ خصوصی نے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے اور آخر میں وائس چانسلر نے مہمانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔

تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر آصف علی شاہ ، ڈین پی ایم سی پروفیسر ڈاکٹر راشد مصطفیٰ کورائی ، ڈین سی ای ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد زاہد تنیو، ڈین آئی این سی ایس پروفیسر ڈاکٹر عاطف جمیل ، ڈین آئی ایم ای سی پروفیسر ڈاکٹر غلام اللہ میتلو، ڈین کارپ پروفیسر ڈاکٹر یاسرہ نعیم پاشا، ڈین بی اے ایس پروفیسر ڈاکٹر اظہر اقبال ،ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز اینڈ سیکورٹی ڈاکٹر صدام علی کھچی ، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹر ارسلان انصاری ، ڈائریکٹر سیمٹ پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو سمیت اساتذہ، افسران اور طلبہ کی بڑی تعداد شریک تھی۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین