کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی میں شدید مالی بحران، تمام ایسوسی ایشنز کا مشترکہ ہنگامی اجلاس، انتظامیہ سے دو سالہ مالیاتی رپورٹ طلب کر لی ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی اردو یونیورسٹی برائے فنون، سائنس و ٹیکنالوجی (FUUAST) کو درپیش سنگین مالی بحران کے پیشِ نظر کراچی کیمپس کی تمام منتخب ایسوسی ایشنز کا ایک ہنگامی مشترکہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں یونیورسٹی کی موجودہ مالی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس میں اساتذہ اور ملازمین کو درپیش معاشی مسائل، زیرِ التواء واجبات اور بڑھتے ہوئے مالی دباؤ پر تفصیلی غور کیا گیا اور آئندہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے شرکاء نے واضح کیا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی موجودہ گرانٹ ناکافی ہے، جبکہ دیگر جامعات کی طرح وفاقی اردو یونیورسٹی کے لیے بھی بیل آؤٹ پیکیج دیا جانا ناگزیر ہو چکا ہے۔
شرکاء نے صدرِ پاکستان، وفاقی وزیرِ تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے فوری مالی معاونت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تین جامعات کے لیے مختص بیل آؤٹ فنڈ میں سے صرف ایک جامعہ کو فنڈ دینا وفاقی جامعہ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔
ہنگامی اجلاس کے بعد مشترکہ ایسوسی ایشنز کے نمائندہ وفد نے شیخ الجامعہ وفاقی اردو یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے یونیورسٹی کی مجموعی مالی حالت پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ٹریژرار سے گزشتہ دو برسوں کی مالیاتی کارکردگی کی مکمل اور تفصیلی رپورٹ طلب کی۔
وفد نے خاص طور پر سولہ ماہ سے واجب الادا سیلنگ الاؤنس اور تین ماہ کی تنخواہوں کے ڈیفیسٹ کی نشاندہی کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ان واجبات کی ادائیگی کے لیے کون سا واضح اور قابلِ عمل منصوبہ موجود ہے اور یہ مالی بحران کس مدت میں حل کیا جائے گا۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ ٹریژرار فوری طور پر جامع پریزنٹیشن پیش کریں تاکہ اساتذہ و ملازمین کو مالی حقائق سے آگاہ کیا جا سکے اور پائی جانے والی بے چینی کا ازالہ ہو۔
وفد میں پروفیسر ڈاکٹر افتخار طاہری، روشن سومرو، ڈاکٹر عبدالماجد، ڈاکٹر راشد تنویر عدنان اختر، خرم مشتاق ‛ غلام عباس. ذیشان احمد عابد زبیرو دیگر سمیت مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران شامل تھے۔
شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے وفد کے نکات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ یونیورسٹی انتظامیہ مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مالی بحران کے حل کے لیے متعلقہ اداروں اور حکام سے رابطے جاری ہیں اور جلد ہی ٹریژرار کی جانب سے تفصیلی بریفنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔
مشترکہ ایسوسی ایشنز نے اعلان کیا کہ ملازمین کے مالی حقوق کے تحفظ اور واجبات کی مکمل ادائیگی تک جدوجہد جاری رہے گی، جب کہ طلبہ، اساتذہ اور ملازمین اپنے آئندہ لائحہ عمل کے اعلان میں آزاد ہوں گے۔
ہنگامی اجلاس میں انجمن اساتذہ گلشن اقبال کیمپس، انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس، آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن گلشن اقبال کیمپس اور غیر تدریسی ملازمین ویلفیئر ایسوسی ایشن عبدالحق کے عہدیداران نے شرکت کی۔

