کراچی : بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں پی ایچ ڈی پروگرامز برائے سال 2025 دوسرا مرحلہ کے داخلہ امتحانات اتوار کی صبح منعقد کیے گئے۔
آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی، کے ترجمان کے مطابق درجنوں امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جو صبح10بجے شروع ہوا اور دوپہر12بجے اختتام پذیر ہوا۔ یہ امتحان آئی سی سی بی ایس میں واقع ایل ای جے نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر میں منعقد کیا گیا۔
آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رضا شاہ کی خصوصی ہدایات پر سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے اور غیر متعلقہ افراد کو امتحانی مراکز کے قریب آنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ امتحان کے نتائج 5 جنوری 2026 کو آئی سی سی بی ایس اور جامعہ کراچی کی ویب سائٹس پر جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سینٹر کی پالیسی کے مطابق تمام داخلے جامعہ کراچی کے منظور شدہ اعلیٰ تعلیمی پروگرامز کے تحت مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔
کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز 7 جنوری 2026 کو منعقد ہوں گے جبکہ حتمی میرٹ لسٹ 16 جنوری 2026 کو آویزاں کی جائے گی۔ منتخب امیدواروں کو ڈاکٹر پنجوانی سینٹر فار مالیکیولر میڈیسن اینڈ ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) اور ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری جامعہ کراچی میں داخلہ دیا جائے گا۔
امیدواروں کی سہولت کے لیے آئی سی سی بی ایس کے ڈائریکٹر کی ہدایات پر مسکن گیٹ اور کیمپس گیٹ (شیخ زید اسلامک سینٹر کے قریب) سے آئی سی سی بی ایس تک شٹل بس سروس کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

