کراچی : وفاقی اردو یونیورسٹی، گلشن کیمپس میں شہید رہبرِ معظم کی شہادت پر امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن جامعہ وفاقی اردو یونٹ، گلشن کیمپس کے زیرِ اہتمام طلبہ کی جانب سے ایک پُرامن اور منظم اجتماعی ریلی نکالی گئی ۔ ریلی میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ریلی کے دوران شرکاء نے اتحادِ امت، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کے عزم کا اظہار کیا۔ مقررین نے اپنے خطاب میں شہید رہبر کی علمی، فکری اور انقلابی خدمات پر روشنی ڈالی اور نوجوان نسل کو شعور و بصیرت کے ساتھ اپنے دینی و ملی فرائض ادا کرنے کی تلقین کی۔
صدر آئی ایس او جامعہ اردو یونٹ برادر کرار نے اپنے خطاب میں کراچی احتجاج کے موقع پر نوجوانوں پر کی گئی بے گناہ فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے افسوسناک اور قابلِ تشویش قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ داران کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے سانحات سے بچا جا سکے۔
شرکاء نے ظلم و ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے اور مظلومین کی حمایت جاری رکھنے کے عہد کی تجدید کی۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا سلامتی امام زمانہ پر ہوا جس میں امتِ مسلمہ کے اتحاد، سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

