Monday, February 2, 2026
صفحہ اولNewsوائس چانسلر جامعہ کراچی کی کیمپس اراضی کے تحفظ کیلئے اعلیٰ حکام...

وائس چانسلر جامعہ کراچی کی کیمپس اراضی کے تحفظ کیلئے اعلیٰ حکام سے ملاقات

کراچی : جامعہ کراچی نے اپنی کیمپس کی اراضی کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی تجاوزات کو روکا جا سکے۔ اس حوالے سے سرکاری حکام نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے غیر قانونی طور پر تعمیر کئے گئے پٹرول پمپ کی این او سی (نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ) کی منسوخی کے بعد فالو اپ ملاقات کی۔

ملاقات میں جامعہ کراچی کی اراضی کے مستقل تحفظ کے لیے موثر اور دیرپا حکمتِ عملی وضع کرنے، آئندہ تجاوزات کی روک تھام اور ریگولیٹری اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ بدھ کے روز ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ نصراللہ عباسی اور ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سندھ امتیاز ابڑو نے جامعہ کراچی کا دورہ کیااور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی سے ملاقات کی اور اراضی پر تجاوزات کے مسئلے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ نصراللہ عباسی نے آگاہ کیا کہ متنازعہ پٹرول پمپ کی این او سی 19 جنوری 2026 کو جامعہ کراچی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے موصول ہونے والے خطوط کا جائزہ لینے کے بعد منسوخ کر دی گئی۔

نصراللہ عباسی اور امتیاز ابڑو نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اراضی کی میوٹیشن اور حد بندی (ڈیمارکیشن) کے لئے فوری طور پر درخواست دے اور اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو اور ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ کے دفتر کو تحریری طور پر آگاہ کرے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ عمل مستقبل میں کسی بھی قسم کی تجاوزات سے جامعہ کراچی کی اراضی کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگا۔ دونوں حکام نے اس امر کو سراہا کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے اس سنگین معاملے پر غور کے لیے ’’سنگل ایجنڈا‘‘ پر مشتمل خصوصی سنڈیکیٹ اجلاس طلب کیاتھا۔

نصراللہ عباسی اور امتیاز ابڑو نے کہا کہ خصوصی سنڈیکیٹ کی قرارداد بالکل واضح اوردرست سمت میں تھی۔ ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ نے بتایا کہ مذکورہ سنڈیکیٹ اجلاس کی روشنی میں نہ صرف ڈی سی ایسٹ آفس بلکہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کو بھی جامعہ کراچی اور متعلقہ محکموں کی جانب سے خطوط موصول ہوئے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر تعمیر کیے گئے پٹرول پمپ کی این او سی منسوخ کر دی گئی ہے اور آئندہ قانونی کارروائی قانون کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔

اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ڈپٹی کمشنر ضلع ایسٹ اور متعلقہ محکموں کی موثر اور بروقت کارروائی کو سراہا اور نصراللہ عباسی کا اس اہم معاملے میں فوری تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

وائس چانسلرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ اپنی تمام اراضی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ متعلقہ اداروں سے میوٹیشن اور ڈیمارکیشن مکمل ہونے کے بعد جامعہ کراچی اپنی اراضی اور املاک کو ہمیشہ کے لیے محفوظ بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔

News Desk
News Deskhttps://educationnews.tv/
ایجوکیشن نیوز تعلیمی خبروں ، تعلیمی اداروں کی اپ ڈیٹس اور تحقیقاتی رپورٹس کی پہلی ویب سائٹ ہے ۔
متعلقہ خبریں

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا


مقبول ترین